پاکستانی خبریں

پاکستان کے ایران کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پرحملے ۔ پاک فوج نے تفصیلات جاری کر دیں۔

خلیج اردو
اسلام آباد:کلنگ ڈرونز، راکٹوں اور اسٹینڈ آف ہتھیاروں سے ایران کے اندر دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، باہمی نقصان سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی۔ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، ترجمان پاک فوج نےقوم کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

 

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان نے موثر حملے کیے ،کلنگ ڈرونز، راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں کا احتیاط سے استعمال کرتے ہوئے بدنام زمانہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ،بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے ہٹ کیا گیا ۔

 

حملے میں دوست عرف چیئرمین، بجر عرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغر عرف بشام اور وزیر عرف وزی یہ ٹھکانے استعمال کرتے تھے ،یہ ٹھکانے حالیہ حملوں کے ذمہ دار دہشت گردوں کے زیر استعمال بھی تھے۔

 

آئی ایس پی آر نے واضح کیا پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام اور کسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آگے بڑھتے ہوئے، دونوں ہمسایہ برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ مسائل کے حل میں بات چیت اور تعاون کو سمجھداری سمجھا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button