
خلیج اردو
ابوظہبی: وزارت تعلیم نے 2025-2026 کے تعلیمی سال کے لیے متحدہ عرب امارات کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں نئے تشخیصی امتحانات کے نفاذ کے تفصیلی رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد عربی، انگریزی اور ریاضی کے مضامین میں طلبہ کی بنیادی صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔
وزارت نے ایک نیا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت تعلیمی سال کے ابتدائی تین ہفتوں میں تمام مضامین میں کلاس روم پر مبنی تشخیصی امتحانات لیے جائیں گے، اس کے بعد تین کلیدی مضامین میں مرکزی امتحانات ہوں گے۔ اس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی سطح کا ابتدائی مرحلے پر تعین کرنا ہے تاکہ اساتذہ انفرادی ضروریات کے مطابق تدریسی معاونت فراہم کر سکیں۔
نئے فریم ورک کے تحت پہلی اور دوسری جماعت کے امتحانات اسکول خود تیار اور منعقد کریں گے جبکہ تیسری سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات وزارت کے اسسمنٹ اینڈ ایویلیوایشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مرکزی طور پر تیار کیے جائیں گے۔ تیسری سے پانچویں جماعت کے امتحانات کاغذی فارم پر لیے جائیں گے جبکہ چھٹی سے بارہویں جماعت کے طلبہ الیکٹرانک انداز میں امتحانات دیں گے۔







