
خلیج اردو
دبئی: ایپل کے نئے آئی فون 17 سیریز نے لانچ کے ابتدائی دنوں میں غیر معمولی فروخت کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ ریسرچ کمپنی کاؤنٹر پوائنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، امریکہ اور چین میں آئی فون 17 کی پہلی دس دنوں کی فروخت آئی فون 16 کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ رہی ہے۔ یہ دونوں ممالک ایپل کی سب سے بڑی مارکیٹیں سمجھی جاتی ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فروخت میں اضافے کی کئی وجوہات ہیں، جن میں سب سے نمایاں یہ ہے کہ صارفین کو اب بنیادی ماڈل بھی اپنی قیمت کے لحاظ سے زیادہ پُرکشش محسوس ہو رہا ہے۔
سب سے بڑی کامیابی اسٹینڈرڈ آئی فون 17 کو ملی، جس کی فروخت امریکہ اور چین میں مجموعی طور پر 31 فیصد زیادہ رہی، جب کہ چین میں صرف دس دن کے دوران فروخت تقریباً دگنی ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق اس اضافے کی وجہ نمایاں اپ گریڈز ہیں جن میں زیادہ روشن AMOLED ڈسپلے، بڑی اسٹوریج، نیا A19 چپ سیٹ اور بہتر سیلفی کیمرا شامل ہیں — وہ بھی اسی پرانی قیمت 799 ڈالر (تقریباً 3,299 درہم) پر۔
کاؤنٹر پوائنٹ کے ماہر ایوان لیم کے مطابق، "صارفین کو اب آئی فون 17 کے بیس ماڈل کی بہتر کارکردگی اور اپ گریڈز نے متوجہ کیا ہے، جو فروخت میں تیزی کی بڑی وجہ ہے۔”







