
خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات نے ملک بھر سے ایک ہزار اماراتی خاندانی کاروباری افراد کی تربیت کے لیے نئی پہل کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام شیخ محمد بن راشد المکتوم، نائب صدر و وزیر اعظم یو اے ای اور حاکم دبئی کی جانب سے شروع کی گئی مہم ’’دی ایمریٹس: دی اسٹارٹ اپ کیپیٹل آف دی ورلڈ‘‘ کا حصہ ہے۔ اس پروگرام کا مقصد اماراتی خاندانوں کو کاروباری تربیت، بزنس مینجمنٹ اور منصوبہ سازی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
یہ منصوبہ وزارتِ معیشت و سیاحت اور وزارتِ کمیونٹی ایمپاورمنٹ کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جسے نیو اکانومی اکیڈمی کے اشتراک سے نافذ کیا جائے گا جبکہ اس کا اسٹریٹجک پارٹنر نیشنل سی ایس آر فنڈ ’’مجرا‘‘ ہوگا۔
اعلان دبئی میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں عبداللہ احمد الصالح، انڈر سیکریٹری وزارتِ معیشت و سیاحت، عائشہ احمد یوسف، انڈر سیکریٹری وزارتِ کمیونٹی ایمپاورمنٹ، سارہ شا، سی ای او نیشنل سی ایس آر فنڈ ’’مجرا‘‘، اور ڈاکٹر لیلہ فریدون، سی ای او نیو اکانومی اکیڈمی نے شرکت کی۔
وزیر معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ ’’اماراتی خاندانی کاروباری افراد‘‘ کی یہ پہل ’’دی ایمریٹس: دی اسٹارٹ اپ کیپیٹل آف دی ورلڈ‘‘ مہم کے تحت ملک کے کاروباری اور چھوٹے و درمیانے درجے کے اداروں کے ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کی قومی کاوشوں کے عین مطابق ہے۔
یہ منصوبہ ملک بھر کے ایک ہزار اماراتی خاندانوں کے نوجوانوں اور کاروباری شخصیات کو جدید کاروباری تربیت فراہم کرے گا، تاکہ وہ مارکیٹ کے معیار اور مسابقتی تقاضوں کے مطابق مصنوعات تیار کرنے اور کامیاب منصوبے شروع کرنے کے قابل ہو سکیں۔







