متحدہ عرب امارات

دبئی کے شہری کی تعریف، آر ٹی اے نے 11 دن میں سڑک کا گڑھا بھر دیا

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے رہائشی نے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ان کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کا ازالہ محض 11 دن میں کر دیا گیا۔

فوٹوگرافر ریحان حمید نے 9 اکتوبر کو انسٹاگرام پر آر ٹی اے کو پیغام بھیجا تھا جس میں انہوں نے النہدہ ون دبئی کی ایک سڑک پر موجود گہرے گڑھے کی نشاندہی کی۔ انہوں نے تصاویر بھی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "یہ سڑک کا حصہ کافی خطرناک ہے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔”

آر ٹی اے نے فوراً جواب دیتے ہوئے ان سے نام، پتہ اور درست مقام کی تفصیلات مانگیں۔ اگلے ہی روز انہیں اطلاع دی گئی کہ شکایت درج کر لی گئی ہے اور متعلقہ محکمے کو بھیج دی گئی ہے۔

20 اکتوبر کو ریحان حمید نے دوبارہ تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک کا گڑھا مکمل طور پر درست کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا: "یہ ہے دبئی، ایک ایسا شہر جو سنتا ہے، عمل کرتا ہے اور اپنے شہریوں کی پرواہ کرتا ہے۔ میں نے النہدہ میں ایک مسئلہ رپورٹ کیا اور صرف 11 دن میں آر ٹی اے نے اسے حل کر دیا، یہ صرف کارکردگی نہیں بلکہ ذمہ داری کی مثال ہے۔”

یہ پہلا موقع نہیں جب آر ٹی اے نے شہریوں کی شکایت کا فوری جواب دیا ہو۔ گزشتہ سال دبئی کے سیرینا کمیونٹی کے ایک غیر ملکی رہائشی نے رات گئے سڑک پر ہونے والے شور کی شکایت کی تھی، جس پر آر ٹی اے نے فوری کارروائی کی اور مسئلہ حل کر دیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ دبئی آر ٹی اے اپنی 20ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ اس موقع پر ادارے نے کہا: "ہم اپنی بیس سالہ جدت، محنت اور ترقی کے سفر کا جشن منا رہے ہیں، جس نے دبئی کو مزید مربوط اور جدید شہر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔”

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button