
خلیج اردو
دبئی: عود میتھا روڈ پر جمعرات کی شام تقریباً 4 بجے ایک کار میں آگ لگنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ حادثہ القوز کلب کے قریب الخیل روڈ کی سمت پیش آیا، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ایک سفید سیڈان کار سڑک کے کنارے رکی ہوئی تھی جس کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ تصاویر میں واضح طور پر گاڑی کے بونٹ سے اٹھتا ہوا گاڑھا دھواں اور سڑک پر سست رفتاری سے چلتی گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
حادثے کے بعد ڈرائیورز نے احتیاطاً جلتی گاڑی کے قریب والی لین سے گزرنے سے گریز کیا، جس سے ٹریفک کچھ دیر کے لیے مزید سست ہوگیا۔ گوگل میپس کے مطابق شام 4 بج کر 30 منٹ تک اس روڈ پر تقریباً 38 منٹ کی تاخیر ریکارڈ کی گئی، جب کہ صرف 2.3 کلومیٹر کے فاصلے کو طے کرنے میں 24 منٹ لگ رہے تھے۔
دبئی پولیس نے واقعے کے بعد ڈرائیورز کے لیے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل کی۔
حکام نے شہریوں کو بارہا تاکید کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کریں تاکہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔ گرم موسم میں گاڑیوں کے اوور ہیٹ ہونے یا فیول لیک ہونے سے آگ لگنے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کولنٹ لیول چیک کرنا، گاڑی کو حد سے زیادہ لوڈ نہ کرنا، اور الیکٹریکل وائرنگ کی حالت بہتر رکھنا اس طرح کے حادثات کے امکانات کو کم کر سکتا ہے۔






