متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس نے 6 لاکھ 60 ہزار درہم کی ڈکیتی میں ملوث دو نقاب پوش گرفتار کر لیے

خلیج اردو
دبئی، 25 اکتوبر 2025
دبئی پولیس نے ایک سپر مارکیٹ سے 6 لاکھ 60 ہزار درہم کی ڈکیتی کرنے والے دو نقاب پوش ملزمان کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں تھے، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں پرواز میں سوار ہونے سے چند لمحے قبل ہی پکڑ لیا۔

پولیس کے مطابق واردات کی اطلاع ملنے کے صرف دو گھنٹے کے اندر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ لوٹی گئی رقم مکمل طور پر برآمد کر لی گئی۔

بر دبئی پولیس اسٹیشن کی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے یہ واردات پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کی۔ رات گئے وہ تیز دھار آلات کی مدد سے سپر مارکیٹ کے پچھلے دروازے کو کاٹ کر اندر داخل ہوئے۔ انہوں نے چار کیش بکسز توڑ کر 60 ہزار درہم نکالے اور بعد ازاں مرکزی سیف کھول کر مزید 6 لاکھ درہم چرا لیے۔

یہ واردات اگلی صبح اس وقت سامنے آئی جب ایک ملازم نے دروازہ ٹوٹا ہوا دیکھا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ ڈیوٹی افسر، فرانزک ماہرین اور سی آئی ڈی تفتیش کاروں پر مشتمل ٹیم موقع پر پہنچی اور شواہد کا جائزہ لیا۔

پولیس کے مطابق اگرچہ دونوں ملزمان نے چہرے چھپانے کے لیے نقاب پہن رکھے تھے، تاہم جدید مصنوعی ذہانت کے آلات، ڈیٹا اینالیسس اور فرانزک شواہد کی مدد سے ان کی شناخت کر لی گئی۔

بر دبئی پولیس اسٹیشن اور جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ایئرپورٹ سیکیورٹی کے درمیان مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ پرواز میں سوار ہونے ہی والے تھے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button