متحدہ عرب امارات

غزہ پر اسرائیلی حملے، کم از کم 30 فلسطینی شہید، درجنوں زخمی

 

خلیج اردو

غزہ: غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل نے اے ایف پی کو بتایا کہ "اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 30 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، ہماری ٹیمیں اب بھی ملبے تلے پھنسے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔”

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب فریقین کے درمیان جنگ بندی اب بھی بظاہر نافذ العمل تھی۔ تاہم اسرائیل نے حماس پر اپنے فوجیوں پر حملے کا الزام عائد کرتے ہوئے ceasefire کی خلاف ورزی کا دعویٰ کیا اور وزیرِاعظم بینجمن نیتن یاہو کے حکم پر فوج کو فوری طور پر “شدید جوابی کارروائی” کا حکم دیا۔

بی بی سی نے قبل ازیں حماس سے منسلک سول ڈیفنس کے حوالے سے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد میں یہ تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی۔

دونوں فریقین ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ حماس نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا، جب کہ حماس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب اسرائیل نے کہا کہ حماس کی جانب سے حال ہی میں واپس کیا گیا تابوت کسی مغوی کی لاش پر مشتمل نہیں تھا۔ حماس نے جواب میں الزام لگایا کہ اسرائیل لاشوں کی بازیابی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے اور ایک اور مغوی کی باقیات کی حوالگی ملتوی کر دی گئی ہے۔

حماس کے زیرِانتظام وزارتِ صحت کے مطابق، اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے دوران غزہ میں اب تک 68 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button