
خلیج اردو
ریاض: سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق ربیع الثانی کے مقدس مہینے میں 1 کروڑ 17 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی، جو تاریخ کے بلند ترین اعداد و شمار میں سے ایک ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی کے تعاون سے جاری اعداد و شمار میں بتایا کہ ان زائرین میں سے 15 لاکھ سے زائد بیرونِ مملکت سے آئے۔
حکام کے مطابق یہ اضافہ سعودی عرب کے جدید ڈیجیٹل نظام اور مربوط لاجسٹک خدمات کا نتیجہ ہے، جنہوں نے زائرین کے سفر اور عبادت کو مزید آسان، محفوظ اور سہل بنا دیا ہے۔
یہ پیش رفت سعودی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے، جس کے تحت مملکت دنیا بھر کے مسلمانوں کو حرمین شریفین تک بہتر اور روحانی طور پر خوشگوار رسائی فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔







