
خلیج اردو
دبا الفجیرہ: دبا الفجیرہ کے ایک نجی فارم ہاؤس میں خاندانی تفریح غم میں بدل گئی، جب دو سالہ اماراتی بچہ سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کی شام پیش آیا، جب خاندان کے افراد حسبِ معمول ویک اینڈ ایک ساتھ گزارنے کے لیے جمع تھے۔
بچے کے اہلِ خانہ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ پول کے قریب کھیل رہا تھا۔ تمام حفاظتی اقدامات کے باوجود چند لمحوں کی عدم توجہ جان لیوا ثابت ہوئی۔
بچے کے چچا نے خلیج اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ “پول کا علاقہ ہمیشہ بند رکھا جاتا ہے اور دروازہ اس طرح بنایا گیا ہے کہ بچے اسے نہیں کھول سکتے۔ لیکن اس روز ایک بڑے فرد نے کچھ لینے کے لیے اندر جا کر دروازہ تھوڑا سا کھلا چھوڑ دیا۔ اسی دوران لائٹس بند تھیں اور بچہ شاید بغیر کسی کے دیکھے اندر چلا گیا۔”
انہوں نے بتایا کہ حادثہ چند ہی لمحوں میں پیش آیا۔ “پول زیادہ گہرا نہیں تھا، دروازہ بند تھا، مگر ان چند سیکنڈز نے سب کچھ بدل دیا۔ آیا نے بھی نہیں دیکھا اور قسمت نے اپنا کام کر دکھایا۔”







