متحدہ عرب امارات

یو اے ای کی جانب سے غزہ کے 57 مریضوں کا ہنگامی طبی انخلا، مجموعی تعداد 2961 تک پہنچ گئی

خلیج اردو

ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے غزہ کی پٹی سے 57 مریضوں کو ان کے اہلِ خانہ کے ہمراہ ہنگامی بنیادوں پر منتقل کیا ہے، جس کے بعد اکتوبر 2023 سے جاری آپریشن ’گیلنٹ نائٹ 3‘ کے تحت نکالے گئے مریضوں اور ساتھیوں کی مجموعی تعداد 2961 تک پہنچ گئی ہے۔

یو اے ای نے ان مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی ہیں، جو شہریوں کے مصائب کم کرنے، جلد صحت یابی یقینی بنانے، امن و استحکام کے فروغ اور بحرانوں کے منفی اثرات کم کرنے میں ملک کے عالمی انسانی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ تازہ ترین انخلا رامون ایئرپورٹ (اسرائیل) اور کراسنگ کرم ابو سالم کے راستے کیا گیا۔ یہ یو اے ای انٹرنیشنل ایڈ ایجنسی کی جانب سے انجام دیا گیا 29واں طبی انخلا تھا، جو صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر کیا گیا۔ اس آپریشن کے تحت ایک ہزار زخمی فلسطینیوں اور ایک ہزار کینسر کے مریضوں کو اماراتی اسپتالوں میں علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

یو اے ای انٹرنیشنل ایڈ ایجنسی کے نائب چیئرمین سلطان محمد الشمسی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بحرانوں اور تنازعات سے متاثرہ افراد کی بحالی اور مصائب کم کرنے کے لیے پرعزم ہے، بالخصوص فلسطینی عوام کو درپیش شدید انسانی بحران کے پیشِ نظر ملک کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یو اے ای بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے غزہ سے مریضوں کی منتقلی کے کئی آپریشن تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یو اے ای کی امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، تمام مقامی ادارے انٹرنیشنل ایڈ ایجنسی کی نگرانی میں مریضوں اور زخمیوں کو طبی خدمات، ادویات اور ضروری سامان فراہم کر رہے ہیں۔ مصر کے ساحل العریش کے قریب قائم یو اے ای کے فلوٹنگ اسپتال میں بھی علاج جاری ہے، جبکہ جنوبی غزہ میں موجود فیلڈ اسپتال ہر عمر کے مریضوں کو مکمل طبی خدمات فراہم کر رہا ہے تاکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت متاثرہ تمام افراد کی تکالیف کم کی جا سکیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button