
دبئی
خلیج اردو
31 اکتوبر 2025متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہریوں کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنے اور تجدید کے عمل میں اہم تبدیلیاں متعارف کر دی گئی ہیں۔ بھارتی مشن نے 28 اکتوبر سے پاسپورٹ خدمات کے لیے نیا ’’پاسپورٹ سیوا پروگرام (GPSP 2.0)‘‘ نافذ کر دیا ہے۔ اب تمام درخواست گزاروں کو ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا، جس میں ریڈیو فریکوئنسی آئیڈنٹیفیکیشن (RFID) چِپ اور اینٹینا نصب ہوگا، جس میں ذاتی معلومات محفوظ ہوں گی۔
نئے ای پاسپورٹس سے متعلق دس اہم نکات درج ذیل ہیں:
درخواست کا طریقہ
درخواست گزار اب آن لائن پورٹل (https://mportal.passportindia.gov.in/gpsp/AuthNavigation/Login) کے ذریعے نیا پاسپورٹ یا تجدید کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ نیا نظام فارم بھرنے اور دستاویزات اپ لوڈ کرنے کا عمل آسان بناتا ہے۔
آٹو فل آپشن
پلیٹ فارم میں ’’آٹو فل‘‘ فیچر شامل ہے، جس کے ذریعے پرانے پاسپورٹ نمبر درج کرنے پر ساری معلومات خودبخود لوڈ ہو جائیں گی، جس سے وقت کی بچت ہوگی۔
تصویر کے نئے معیارات
اب درخواست گزار کو انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) کے منظور شدہ معیار کے مطابق تصویر دینا ہوگی، جس میں سفید پس منظر، سیدھا چہرہ، کھلی آنکھیں، نیوٹرل تاثرات اور یکساں روشنی شامل ہیں۔
سروس فراہم کنندہ سے ملاقات
آن لائن درخواست مکمل کرنے کے بعد امیدوار کو ’’بی ایل ایس انٹرنیشنل‘‘ سینٹر پر اصل دستاویزات (پاسپورٹ، اماراتی شناختی کارڈ وغیرہ) کے ساتھ پیش ہونا ہوگا۔
چھوٹی تبدیلیوں پر کوئی فیس نہیں
نئے نظام میں معمولی تصحیح یا ٹائپو کی درستگی کے لیے کوئی فیس نہیں لی جائے گی، جبکہ پہلے مکمل فارم دوبارہ جمع کرانا پڑتا تھا۔
بائیو میٹرک کی ضرورت نہیں
فی الحال یو اے ای میں درخواست دینے والوں سے بائیو میٹرک ڈیٹا نہیں لیا جائے گا، تاہم بھارت میں درخواست دینے والوں کے لیے یہ لازمی ہے۔
فیس میں کوئی تبدیلی نہیں
حکام نے تصدیق کی ہے کہ نئی ای پاسپورٹ سروسز کے لیے فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن
نئے پاسپورٹس میں دو حروف اور سیریل نمبر ہوگا، جبکہ ان پر سنہری رنگ کا RFID نشان موجود ہوگا۔
موجودہ پاسپورٹس کی معیاد برقرار
پرانے پاسپورٹس اپنی مدتِ معیاد تک کارآمد رہیں گے، ان کی فوری تجدید کی ضرورت نہیں۔
ابتدائی ایام میں تاخیر ممکن
بھارتی سفارت خانے نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نظام کے ابتدائی دنوں میں صبر کا مظاہرہ کریں کیونکہ کچھ تکنیکی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
نئے ای پاسپورٹس کے اجراء سے بھارتی شہریوں کے لیے بین الاقوامی سفر مزید آسان اور محفوظ ہو جائے گا، کیونکہ ان میں نصب چِپ عالمی ای گیٹس اور امیگریشن سسٹمز پر فوری تصدیق کی سہولت فراہم کرے گی۔







