
خلیج اردو
عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ماہرین نے سونے کے مستقبل کو ’’بلش‘‘ یعنی مثبت قرار دیا ہے۔
جمعہ کی صبح 10 بجے متحدہ عرب امارات کے وقت کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 4010 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی، جبکہ چاندی کی قیمت معمولی اضافے کے ساتھ 49.12 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
دبئی میں 24 قیراط سونا 482.75 درہم فی گرام ہو گیا جو جمعرات کی صبح 479 درہم فی گرام تھا۔ اسی طرح 22 قیراط، 21 قیراط اور 18 قیراط کی قیمتیں بالترتیب 447، 428.50 اور 367.50 درہم فی گرام رہیں۔
ٹک مل کے منیجنگ پرنسپل جوزف دہریہ نے کہا کہ ’’حالیہ کمی کے باوجود سونا اب بھی مثبت سمت میں جا سکتا ہے۔ مرکزی بینکوں کی جانب سے خریداری بدستور مضبوط ہے کیونکہ وہ ڈالر سے ہٹ کر متنوع سرمایہ کاری کی طرف جا رہے ہیں۔‘‘
ورلڈ گولڈ کونسل کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طلب (جس میں اوور دی کاؤنٹر لین دین بھی شامل ہے) 1,313 ٹن تک جا پہنچی، جس کی مالیت 146 ارب ڈالر ہے — جو تاریخ کی سب سے زیادہ سہ ماہی قدر ہے۔
جوزف دہریہ نے مزید کہا کہ ’’فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرحِ سود میں کمی کے بعد درمیانی مدت میں سونا مزید مستحکم رہ سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’عالمی سطح پر گولڈ ای ٹی ایف میں ریکارڈ سرمایہ کاری دیکھی گئی جس نے قیمتوں میں رفتار پیدا کی۔ تاہم، حالیہ ہفتوں میں ای ٹی ایف سے کچھ سرمایہ نکالا گیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’عالمی کشیدگی برقرار ہے، اس لیے خطرات کا توازن سونے کے حق میں جا سکتا ہے، لیکن تجارتی تناؤ کی صورتحال سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔‘‘
امریکی فیڈرل ریزرو نے بدھ کے روز مسلسل دوسری بار شرحِ سود میں چوتھائی فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔







