متحدہ عرب امارات

ابوظہبی میں کواڈ بائیکس اور ای اسکوٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن، خلاف ورزی پر 50 ہزار درہم جرمانہ

خلیج اردو
ابوظہبی: ابوظہبی پولیس نے رہائشی علاقوں میں کواڈ بائیکس اور ای اسکوٹرز کے غیر مجاز استعمال پر سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 50 ہزار درہم تک جرمانہ، گاڑی ضبطی اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق الغدیر کمیونٹی میں رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں اور نوجوانوں کو پبلک راستوں اور کھیل کے مقامات پر ان گاڑیوں کے استعمال سے روکیں۔ کمیونٹی مینجمنٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان گاڑیوں کا غیر ذمہ دارانہ استعمال نہ صرف خود سواروں کے لیے خطرناک ہے بلکہ راہگیروں، خاص طور پر بچوں، کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔

ابوظہبی پولیس نے وضاحت کی کہ رہائشی علاقوں، پبلک روڈز اور پارکنگ لاٹس میں کواڈ بائیکس کے استعمال کی اجازت نہیں۔ صرف مخصوص آف روڈ یا ریگستانی مقامات پر ان کا استعمال ممکن ہے، بشرطیکہ حفاظتی سامان جیسے ہیلمٹ، دستانے اور چشمہ استعمال کیا جائے۔

قواعد کے مطابق کواڈ بائیک چلانے کے لیے کم از کم عمر 16 سال مقرر ہے اور بغیر اجازت یا لائسنس کے کواڈ بائیک چلانے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح ای اسکوٹر چلانے والوں کے لیے بھی کم از کم عمر 16 سال اور ہیلمٹ و ریفلیکٹیو جیکٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

الغدیر کے متعدد رہائشیوں نے کمیونٹی میں ان گاڑیوں کے بڑھتے ہوئے بے ہنگم استعمال پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مقامی باشندوں نے کہا کہ اگر والدین بچوں کو قوانین کی پابندی نہیں سکھاتے تو انہیں خود جوابدہ ہونا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ای بائیکس اور ای اسکوٹرز کے استعمال پر قابو نہ پایا گیا تو یہ ہوور بورڈز کی طرح مکمل پابندی کی زد میں آسکتے ہیں۔ سڑکوں پر ان گاڑیوں کے بے احتیاط استعمال کے باعث متعدد حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ابوظہبی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قوانین پر عمل کریں اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ایپ کے ذریعے اطلاع دیں تاکہ حادثات اور اموات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button