متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں غیر مستحکم موسم کی پیشگوئی، 7 نومبر تک ہلکی بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان

خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں سوموار 3 نومبر سے جمعہ 7 نومبر تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔ قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کے مطابق، موسم کی یہ صورتحال سردیوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ خزاں اور سرما کے درمیانی موسمی تغیرات کے باعث ہے۔

اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔ تیز اور متغیر ہوائیں چلنے کے ساتھ سمندری حالات ہلکے سے معتدل رہیں گے، بعض اوقات تیز لہریں بھی اٹھ سکتی ہیں۔

پیر کی صبح ملک کے سب سے کم درجہ حرارت 13.7 ڈگری سینٹی گریڈ رکنہ (العین) میں ریکارڈ کیا گیا۔

این سی ایم کے مطابق، غیر مستحکم موسم کی بنیادی وجہ خزاں سے سردیوں میں منتقلی کا عمل ہے جس کے دوران مغربی اور ساحلی علاقوں میں بادلوں کی افزائش بڑھ جاتی ہے۔ ان بادلوں کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کے جھونکے متوقع ہیں جو درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں نسبتی استحکام پیدا کریں گے۔

موسم کی تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح ساحلی اور اندرونی علاقوں میں نمی رہے گی، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوگا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔ ہوائیں شمال مغربی سمت سے 10 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ خلیج عرب میں سمندر معتدل اور بعض اوقات خراب ہوسکتا ہے۔

منگل کے روز موسم جزوی طور پر ابرآلود اور بعض شمالی و مشرقی علاقوں میں گردآلود رہنے کا امکان ہے، ہوائیں جنوب مشرقی سے شمال مغربی سمت میں تبدیل ہوتی رہیں گی، رفتار 10 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہے گی۔

بدھ کو مغربی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔ جمعرات اور جمعہ کے روز بھی صبح کے اوقات میں نمی اور مغربی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button