متحدہ عرب امارات

شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2025 کل سے شروع، 1200 سے زائد تقریبات، 250 مصنفین اور عالمی شخصیات کی شرکت

 

خلیج اردو

شارجہ: 44واں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر (SIBF 2025) کل سے حاکمِ شارجہ رکنِ سپریم کونسل ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی سرپرستی میں ایکسپو سینٹر شارجہ میں شروع ہو رہا ہے۔ 12 روزہ یہ عالمی ثقافتی میلہ 66 ممالک کے 250 سے زائد مصنفین، تخلیق کاروں اور دانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا رہا ہے جو 1200 سے زائد تقاریب کی قیادت کریں گے، جن میں پینل ڈسکشنز، ورکشاپس اور ثقافتی مکالمے شامل ہیں۔

لاکھوں کتابیں دستیاب
شارجہ بک اتھارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس میلے میں 2350 سے زائد ناشرین شریک ہوں گے جن میں 1224 عرب اور 1126 بین الاقوامی پبلشرز شامل ہیں۔ لاکھوں عنوانات "بین یو اینڈ اے بک” کے تھیم کے تحت پیش کیے جائیں گے۔

مہمانِ خصوصی یونان
اس سال یونان کو مہمانِ خصوصی قرار دیا گیا ہے جو اپنے ثقافتی و ادبی ورثے کو 58 یونانی پبلشرز اور 70 تخلیق کاروں کے ساتھ پیش کرے گا۔ یونانی پویلین میں "یونانی ادب: ایک طویل سفر” کے عنوان سے خصوصی نمائش، تھیٹر شوز، موسیقی اور اماراتی تخلیق کاروں کے ساتھ مشترکہ سیشنز ہوں گے۔

سال کی ثقافتی شخصیت
عربی ادب اور تھیٹر میں پانچ دہائیوں سے زائد خدمات کے اعتراف میں مصری ادیب اور ڈرامہ نگار محمد سلموی کو "سال کی ثقافتی شخصیت” قرار دیا گیا ہے۔

ہالی وڈ اسٹار ول اسمتھ کی شرکت
عالمی شہرت یافتہ اداکار ول اسمتھ 14 نومبر کو SIBF میں شرکت کریں گے۔ وہ اپنی زندگی، فلمی و تخلیقی سفر اور جدوجہد کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

دیگر نمایاں سیشنز
• خالد الصاوی اور ظافر العابدین کا مشترکہ سیشن “From Acting to Writing”
• عرب مفکرین اور محققین: ڈاکٹر زاہی حواس، ڈاکٹر سلطان العمیمی، احمد الجسمي، مو گاودت، طالب الرفاعی، عبدالوھاب الرفاعی
• بین الاقوامی مصنفین: پاؤل لنچ، چیماماندا نگوذی ادیچی، کارلو روویلی، ڈر جولی اسمتھ، میرا سیٹھی، لیزا ڈلمن

تھرلر فیسٹیول کی واپسی
آٹھ تا گیارہ نومبر تک تھرلر فیسٹیول کا چوتھا ایڈیشن ہوگا جس میں 13 عالمی مصنفین شرکت کریں گے، جن میں جینیفر ہیلئر، کرس پاوون، راگنار جوناسن اور ایس حسین زیدی شامل ہیں۔ تھیٹر پرفارمنس "Murder at the Majlis” بھی پیش کی جائے گی۔

ورکشاپس اور تقریبات
750 ورکشاپس میں تخلیقی تحریر، اسکرین رائٹنگ، ترجمہ اور پبلشنگ پر تربیتی سیشنز ہوں گے۔ بچوں کے لیے "مِنی لائبریری”، "اپنا گھر بنائیں” اور "اپنا فریم تیار کریں” جیسے انٹرایکٹو سیشنز شامل ہوں گے۔

شاعری اور زبانیں
"Poetry Café” میں عربی، یونانی، اردو، پنجابی، ملیالم، روسی اور انگریزی زبانوں میں مشاعرے ہوں گے، جن میں عطاالحق قاسمی، سعید المنیع، حمد البریدی اور دیگر معروف شعرا شریک ہوں گے۔

دیگر سرگرمیاں
پاپ اپ اکیڈمی، پوڈکاسٹ اسٹیشن، اور کوکری کارنر میں 35 لائیو سیشنز ہوں گے جن میں 14 بین الاقوامی شیف شرکت کریں گے۔

شراکت دار ادارے
SIBF 2025 کے سرکاری و اسٹریٹجک شراکت داروں میں e&، ارادہ، انویسٹ بینک، شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی، ابوظبی میڈیا، شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اور سینٹرل فنانس ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button