متحدہ عرب امارات

دبئی نے 15 ہزار نئی ملازمتوں، کم لاگت والے اسکولوں اور کینسر کی ابتدائی اسکریننگ کے منصوبے کا اعلان کردیا

خلیج اردو
دبئی: دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے ایک جامع منصوبہ منظور کرلیا ہے جس کا مقصد دبئی کو دنیا کے سب سے خوبصورت، قابلِ رہائش اور صحت مند شہروں میں شامل کرنا ہے۔ اس منصوبے میں شہری سبزہ کاری، معیاری مگر کم لاگت اسکولوں کا قیام، اور کینسر سمیت امراض کی ابتدائی تشخیص کے پروگرام شامل ہیں۔

یہ فیصلے یو اے ای کی سالانہ حکومتی میٹنگ 2025 کے دوران دبئی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیے گئے جس کی صدارت شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کی، جبکہ اجلاس میں دبئی کے دوسرے نائب حکمران شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم بھی شریک ہوئے۔

سبزہ کاری اور پارکس
پبلک پارکس اینڈ گرینری اسٹریٹجی کے تحت 800 سے زائد منصوبے شروع کیے جائیں گے جن میں 310 نئے پارکس، 322 موجودہ پارکس کی بحالی، 120 نئی اوپن اسپیسز اور 14 ٹیکنالوجیکل منصوبے شامل ہیں۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد 2040 تک سالانہ پارک وزٹس کو 9 کروڑ 50 لاکھ تک بڑھانا، درختوں کی تعداد تین گنا کرنا، اور شہریوں کے لیے اوسطاً 11 مربع میٹر فی کس سبزہ فراہم کرنا ہے۔

ایوی ایشن ٹیلنٹ 33 منصوبہ
ایوی ایشن ٹیلنٹ 33 منصوبے کا مقصد دبئی کو عالمی ایوی ایشن مرکز کے طور پر مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس کے تحت 15 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں، 4 ہزار سے زیادہ تربیتی مواقع اور 30 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدے شامل ہیں۔ یہ منصوبہ دبئی کی معیشت کو دوگنا کرنے اور 65 ہزار اماراتیوں کو نجی شعبے میں شامل کرنے کے وژن کا حصہ ہے۔

کم لاگت والے اسکول
کونسل نے کم لاگت مگر معیاری نجی اسکولوں کے قیام کے لیے نئی تعلیمی پالیسی کی منظوری بھی دی ہے۔ اس پالیسی کے تحت 2033 تک 60 نئے اسکول کھولے جائیں گے جن سے 1 لاکھ 20 ہزار اضافی نشستیں فراہم ہوں گی۔ سرمایہ کاروں کے لیے حکومتی فیسوں میں نرمی اور زمین لیزنگ کے اخراجات میں کمی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

کھیلوں کا عالمی مرکز
دبئی اسپورٹس کونسل کی تیار کردہ اسپورٹس سیکٹر اسٹریٹجک پلان 2033 کے تحت دبئی کو عالمی اسپورٹس حب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس میں 17 کھیلوں پر مشتمل 19 پروگرام اور 75 منصوبے شامل ہیں جو نوجوانوں اور خصوصی افراد سمیت تمام طبقات کو مواقع فراہم کریں گے۔

مالیاتی تنظیمِ نو اور دیوالیہ پن کی عدالت
ایگزیکٹو کونسل نے فنانشل ری اسٹرکچرنگ اینڈ انسالوینسی کورٹ کے قیام کی منظوری بھی دی ہے جو مالی تنظیمِ نو اور دیوالیہ پن کے کیسز میں مہارت رکھے گی۔ اس عدالت کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کاروباروں کو دیوالیہ ہونے سے بچانا، قرضوں کی منصفانہ ادائیگی یقینی بنانا اور دبئی کو دنیا کے تین بڑے مالیاتی مراکز میں شامل کرنا ہے۔

امراض کی ابتدائی تشخیص
صحت کے شعبے میں ابتدائی بیماریوں کی تشخیص کے منصوبے کے ذریعے دبئی کو دنیا کے دس صحت مند ترین شہروں میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے تحت اماراتی شہریوں میں بڑی آنت کے کینسر کی ابتدائی تشخیص کی شرح 40 فیصد تک بڑھانے، ویکسینیشن سروسز میں 50 فیصد اضافہ، اور مریضوں کی اطمینان کی سطح 90 فیصد سے زائد تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

یہ منصوبے دبئی کی اس طویل المدتی حکمت عملی کا حصہ ہیں جس کا مقصد شہریوں کی فلاح، صحت اور معیارِ زندگی کو نئی بلندیوں تک پہنچانا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button