
خلیج اردو
دبئی ہولڈنگز انٹرٹینمنٹ (DHE) کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ گلوبل ولیج کو سال بھر کے لیے کھلا رکھنے کا فی الحال کوئی منصوبہ نہیں ہے، اگرچہ یہ مقام بے حد مقبول ہے۔
ڈی ایچ ای کے نائب صدر برائے سیلز، رامی مشینی کے مطابق گلوبل ولیج بنیادی طور پر آؤٹ ڈور تفریحی مقام ہے، جو سال میں سات ماہ تک کھلا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر سال دو سے تین ماہ درکار ہوتے ہیں تاکہ اس میں بہتری، توسیع اور ترقی کے کام کیے جا سکیں تاکہ سیاحوں کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے، اس لیے فی الحال اسے اسی شیڈول کے مطابق رکھا جائے گا۔
یہ بات رامی مشینی نے لندن میں جاری ورلڈ ٹریول مارکیٹ کے دوران کہی، جہاں دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم کے اسٹینڈ پر DHE کی نمائندگی کی جا رہی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ گلوبل ولیج کے موجودہ سیزن 30 کا ہدف گزشتہ سیزن کے 10.5 ملین وزیٹرز کی تعداد سے آگے بڑھنا ہے۔ اگر آپ وزیٹرز کی تعداد کو آپریٹنگ مہینوں پر تقسیم کریں تو گلوبل ولیج دنیا کے ٹاپ پانچ تفریحی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
ریور لینڈ کی تبدیلی
رامی مشینی نے بتایا کہ دبئی پارکس اینڈ ریزورٹس میں موجود ریور لینڈ کو خطے کے جدید ترین فیملی انٹرٹینمنٹ سینٹر میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریور لینڈ میں تیر اندازی، ایکس تھروئنگ، گو کارٹنگ، پرپلیکس سٹی نامی انٹرایکٹو تجربہ، دی ہِڈن چیمبرز ایسكیپ روم، نئے ریسٹورنٹس، اور رات کے وقت لیزر شوز شامل کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاروباروں کو بھی موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ ریور لینڈ میں بازار لگائیں تاکہ یہ جگہ اگلے سال مکمل خاندانی تفریحی مرکز کے طور پر ابھرے۔
گزشتہ سال فٹبال تھیم پر مبنی ریئل میڈرڈ ورلڈ پارک بھی یہیں کھولا گیا تھا جس میں 460 فٹ اونچی رائیڈ اور خطے کا پہلا لکڑی کا رولر کوسٹر شامل ہے۔
عیش و آرام کی نئی پیشکشیں
رامی مشینی کے مطابق دبئی میں اب الٹرا لگژری تجربات اور گلیمپنگ کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر DHE نے کئی نئے پراجیکٹس متعارف کرائے ہیں۔ ان میں ٹی ریکس گلیمپنگ پروجیکٹ شامل ہے، جس میں 65 فیملی ٹینٹس، باربی کیو سہولت اور پارک تک مفت رسائی دی جا رہی ہے۔
اسی طرح برج العرب کے اندر پریمیئم بٹلر گائیڈڈ ٹور متعارف کرایا گیا ہے، جس میں مہمان خصوصی گولڈ ڈرنک کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی نئے اسپیس کیمپ اور ڈیزرٹ سفاری منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ اپنی تفریحی پیشکشوں کو مزید وسعت دے سکے۔







