
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے منشیات اور نفسیاتی مادوں کی تشہیر کرنے والی دو ہزار دو سو ستانوے ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا ہے۔ یہ کارروائی ملک گیر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد منشیات کے استعمال کے خلاف جدوجہد اور آن لائن اسمگلنگ نیٹ ورکس کی روک تھام ہے۔
نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زاید بن حمد آل نہیان نے یہ اعداد و شمار جمعرات کو منعقدہ سالانہ حکومتی اجلاس 2025 کے دوران "منشیات کے خلاف قومی تحریک” کے عنوان سے خطاب میں پیش کیے۔ اجلاس میں منشیات کے خلاف قومی و بین الاقوامی سطح پر متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی۔
شیخ زاید بن حمد آل نہیان نے کہا کہ نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کا قیام اس بات کا مظہر ہے کہ یو اے ای منشیات کے خلاف جنگ میں تمام اداروں اور معاشرتی طبقات کو یکجا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے متعدد نئی منصوبہ جات کا اعلان بھی کیا جن میں اسکولوں کے نصاب میں “سیفٹی اینڈ سکیورٹی” کے نام سے نیا مضمون شامل کرنا ہے تاکہ طلبہ کو منشیات کے نقصانات اور دیگر خطرناک رویوں سے آگاہی دی جا سکے، خاص طور پر ہائی اسکول کے طلبہ کو۔
ایک اور منصوبہ "نیشنل ایکٹیویٹیز پروگرام” کے نام سے متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت کھیلوں، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کو محلوں، عوامی پارکوں اور کمیونٹی سینٹروں میں فروغ دیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مثبت مشاغل میں مصروف رکھ کر منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
شیخ زاید نے کہا کہ یو اے ای منشیات کے خلاف بین الاقوامی تعاون کو مزید مستحکم کر رہا ہے اور اب تک 24 ممالک کے ساتھ شراکت داری قائم کی جا چکی ہے، جس کے ذریعے بیرونِ ملک بھی منشیات کی بڑی مقدار پکڑی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دو ہزار دو سو ستانوے آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی اور بندش اسی مہم کا حصہ ہے جس کے ذریعے جدید ڈیجیٹل ذرائع سے منشیات کی تشہیر کرنے والوں کے نیٹ ورکس کو ختم کیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی جلد ہی ایک خفیہ ہاٹ لائن بھی شروع کرے گی جہاں شہری منشیات سے متعلق جرائم کی اطلاع دے سکیں گے۔ اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر راز میں رکھی جائے گی اور مؤثر معلومات فراہم کرنے پر مالی انعام بھی دیا جائے گا۔







