
خلیج اردو
دبئی: پارکن کمپنی پی جے ایس سی کے مطابق 2025 کی تیسری سہ ماہی میں دبئی میں اوسط پارکنگ فیس 51 فیصد بڑھ گئی ہے، جس کے بعد فی گھنٹہ اوسط لاگت 3.03 درہم ہوگئی۔ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ اوسط 2.01 درہم تھی، تاہم اپریل میں "ویری ایبل ٹریف” نظام متعارف ہونے کے بعد نرخوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پارکن، جو دبئی میں عوامی پارکنگ کی سب سے بڑی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی ہے، نے بتایا کہ زون بی اور ڈی میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا، جب کہ زون اے اور سی میں نسبتاً کم فرق ریکارڈ ہوا۔ کمپنی کے مطابق دوسری اور تیسری سہ ماہی کے درمیان اوسط لاگت معمولی طور پر 3.04 سے کم ہو کر 3.03 درہم ہوگئی کیونکہ نئے پارکنگ مقامات شامل کیے گئے۔
یہ نیا متغیر نظام 4 اپریل 2025 سے نافذ ہوا، جس کے تحت پارکنگ فیس مقام، وقت اور طلب کے لحاظ سے طے کی جاتی ہے۔ ہائی ڈیمانڈ علاقوں جیسے ڈاؤن ٹاؤن دبئی، بزنس بے، دیرا اور جمیرا میں پیٖک اوقات (صبح 8 تا 10 بجے اور شام 4 تا 8 بجے) کے دوران پہلے گھنٹے کے لیے فیس 6 درہم رکھی گئی۔ رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک، اتوار اور عوامی تعطیلات پر پارکنگ مفت ہے۔
نئے نظام کے بعد زیادہ تر موٹر سواروں نے روزانہ فیس کے بجائے "سیزنل کارڈز” خریدنا شروع کر دیے۔ پارکن کے مطابق سیزنل کارڈز کی فروخت 126 فیصد بڑھ کر 81 ہزار تک پہنچ گئی — جو کمپنی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔
روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے سیزنل کارڈز کے نرخوں اور نظام کے آزادانہ جائزے کے لیے ایک تیسرے فریق کو ذمہ داری سونپی ہے تاکہ قیمتوں کے توازن کو بہتر بنایا جا سکے۔
کمپنی نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 157 ملین درہم کا خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے، جب کہ عوامی پارکنگ سے آمدنی 30 فیصد بڑھ کر 135 ملین درہم ہوگئی۔







