متحدہ عرب امارات

اماراتی و برطانوی پروازیں: ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز نے مسافروں کے لیے اہم ہدایت جاری کر دی

خلیج اردو
مانچسٹر: برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں ایمریٹس اور اتحاد ایئر ویز کو نئے ٹرمینل میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مسافروں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 12 نومبر سے ابوظہبی کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئر ویز کو مانچسٹر ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو میں منتقل کر دیا جائے گا، جبکہ دبئی کی ایمریٹس ایئر لائن 18 نومبر 2025 سے اسی ٹرمینل سے اپنی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

مانچسٹر ایئرپورٹ کے مطابق متعدد دیگر بین الاقوامی فضائی کمپنیاں بھی پہلے ہی ٹرمینل ٹو میں منتقل ہو چکی ہیں، جن میں گلف ایئر، برٹش ایئر ویز، فن ایئر، ترکیش ایئرلائنز، ایس اے ایس، نارڈک اٹلانٹک، ایئر ٹرانسیٹ، آئس لینڈ ایئر، لوگان ایئر، لکس ایئر اور ایئر لِنگس شامل ہیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ تمام ایئرلائنز اپنے مسافروں سے براہِ راست رابطہ کر کے پروازوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں گی، جبکہ ایئرپورٹ عملہ اس منتقلی کے دوران مکمل معاونت فراہم کرے گا۔

ٹرمینل ٹو کے چیک اِن ڈیسک بالائی منزل پر واقع ہیں۔ مانچسٹر ایئرپورٹ کا "ٹرانسفارمیشن پروگرام” 2015 میں شروع کیا گیا تھا جو 1.3 ارب پاؤنڈ کی لاگت سے مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

ایمریٹس اور اتحاد دونوں کمپنیاں دبئی اور ابوظہبی سے مانچسٹر کے لیے براہِ راست پروازیں چلاتی ہیں۔ یہ شہر اپنی صنعتی تاریخ، خوبصورت نہروں، کھیلوں کے میدانوں اور معروف میوزک کلچر کے باعث شہرت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ ایمریٹس نے رواں سال 6 جون سے مانچسٹر کے لیے جدید ترین ایئربس A380 طیارے متعارف کرائے تھے جن میں پریمیئم اکانومی سمیت نئی کیبن سہولیات شامل ہیں، جس کے بعد برطانیہ سے آنے اور جانے والی پروازوں میں پریمیئم اکانومی نشستوں کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہفتہ وار تک بڑھا دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button