متحدہ عرب امارات

لیوا انٹرنیشنل فیسٹیول کا آغاز 12 دسمبر سے، داخلہ مفت، آتش بازی، ایرو شو اور کیمپنگ کی سہولت

خلیج اردو
ابوظبی: رواں سال لیوا انٹرنیشنل فیسٹیول ایک مرتبہ پھر ابوظبی کے علاقے الظفرہ کے بلند ترین ریتیلے ٹیلے ’’تل مُریب‘‘ کے دامن میں منعقد کیا جائے گا، جس کا آغاز 12 دسمبر 2025 سے ہوگا اور یہ 3 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔ یہ فیسٹیول عرب امارات کے سب سے بڑے سرمائی تفریحی و ثقافتی میلوں میں سے ایک بن چکا ہے۔

لیوا انٹرنیشنل فیسٹیول، جسے ’’دی ڈیزرٹز گرینڈ اسٹیج‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، 23 روزہ سرگرمیوں پر مشتمل ہوگا جن میں ثقافت، موٹر اسپورٹس، ایروبیٹک شو، آتش بازی، ڈرون و ڈیون پروجیکشن ڈسپلے، گرم ہوا کے غبارے، فیملی کارنیول، اور مختلف کھیل شامل ہیں۔

فیسٹیول کا افتتاح یو اے ای فضائیہ کی ٹیم ’’فرسان الامارات‘‘ کے ایروبیٹک شو سے کیا جائے گا، جس کے بعد شاندار آتش بازی سے صحرا کی فضا جگمگا اٹھے گی۔ ہر شام ڈرون اور ڈیون پروجیکشن شو پیش کیے جائیں گے، جبکہ ہفتہ وار تعطیلات پر ہاٹ ایئر بیلون رائیڈز زائرین کو صحرا کے دلکش مناظر دکھائیں گی۔

اہم خصوصیات میں لیوا ولیج میں قائم فیملی انٹرٹینمنٹ زون، کارنیول رائیڈز، ہیریٹیج مارکیٹس، کلاسک کار میوزیم، آٹو زون، پیٹنگ زو، پونی گرُوو، اور لائیو پرفارمنس اسٹیج شامل ہیں۔ زائرین کو سوک زون میں مقامی دستکاریوں، ہنرمندوں کے اسٹالز اور عالمی و اماراتی کھانوں کے اسٹالز بھی میسر ہوں گے۔

فیسٹیول میں دلچسپ موٹر اسپورٹس ایونٹس بھی ہوں گے جن میں فری اسٹائل ڈرفٹ، اسپارٹن ریس، بائیک ڈریگ ریسنگ، فیلکنری مقابلے، کار اسٹنٹ چیمپئن شپ، مد فیسٹ، لیوا رننگ چیلنج، سائیکلنگ ریس، پیجن ہنٹ، برن آؤٹ چیمپئن شپ، مونسٹر جام، سینڈ ریسلنگ اور تال مُریب کار چیمپئن شپ شامل ہیں۔

نئے سال کے موقع پر 31 دسمبر کی رات تال مُریب کار چیمپئن شپ، کنسرٹ اور آتش بازی کے ذریعے 2026 کا استقبال کیا جائے گا۔

شرکاء کے لیے کیمپنگ، گلیمنگ ٹینٹس، یا اپنی آر وی گاڑیوں کے ساتھ قیام کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔ داخلہ عام زائرین کے لیے مفت ہے جبکہ کچھ مخصوص ایونٹس یا وی آئی پی ایریاز کے لیے فیس الگ ہو سکتی ہے۔

فیسٹیول کے تمام شیڈول، مقابلوں اور رجسٹریشن کے لیے ’’لیوا اسپورٹس کلب‘‘ کی موبائل ایپ پر تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button