
خلیج اردو
دبئی: عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث دبئی میں فی گرام 24 قیراط سونا 500 درہم کی حد عبور کر گیا۔ جمعرات کے روز دبئی جیولری گروپ کے مطابق 24 قیراط سونا 507.25 درہم فی گرام پر فروخت ہورہا تھا، جو گزشتہ روز کے اختتام پر 504.75 درہم فی گرام تھا۔ گزشتہ ایک ماہ بعد سونا دوبارہ 500 درہم سے اوپر گیا ہے، جب کہ رواں ہفتے کے دوران اب تک اس میں 21.5 درہم فی گرام اضافہ ہوچکا ہے۔
دیگر اقسام میں 22 قیراط سونا 469.75 درہم، 21 قیراط 450.25 درہم، اور 18 قیراط 386 درہم فی گرام میں فروخت ہورہا ہے۔ عالمی سطح پر اسپاٹ گولڈ 4,200 امریکی ڈالر فی اونس کی حد عبور کرتے ہوئے 4,215.61 ڈالر پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی کمزوری اور سرمایہ کاروں کے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے نے سونے کی قیمتوں کو سہارا دیا ہے۔ ایکس ایس ڈاٹ کام کے سینئر تجزیہ کار انتونیو ڈی جیاکومو نے کہا کہ "امریکی کرنسی کی طاقت میں کمی اور کانگریس میں بجٹ بحران کے حل کی امیدوں نے سونے کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔”
یو بی ایس اور ڈیلی ایف ایکس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی بینکوں کی بڑھتی ہوئی طلب، عالمی افراطِ زر اور ڈالر کی کمزوری سونے کے لیے سازگار حالات پیدا کررہی ہے۔ حقیقی شرح سود کے منفی ہونے اور فیڈرل ریزرو کی محتاط پالیسی کے امکانات نے بھی سرمایہ کاروں کو غیر یقینی معاشی حالات کے خلاف سونا خریدنے پر آمادہ کیا ہے۔







