
خلیج اردو
دبئی: ریاض میں ریاض سیزن 2025 کے تحت بیسٹ لینڈ کا افتتاح کر دیا گیا جس میں مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کی شرکت نے مداحوں کا جوش بڑھا دیا۔ مسٹر بیسٹ نے افتتاح کے موقع پر شائقین سے ملاقات کی، ہائی فائیوز دیے اور تصاویر بنوائیں، جبکہ اس موقع پر ڈرون شوز، آتش بازی اور متعدد انٹرایکٹو چیلنجز نے فضا کو مزید پرجوش بنا دیا۔ یہ نیا پارک عام تھیم پارک نہیں بلکہ مسٹر بیسٹ کی وائرل ویڈیوز کے چیلنجز کا عملی روپ ہے۔
بیسٹ لینڈ ریاض کے بلیوارڈ سٹی کے قریب 1 لاکھ 88 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جس میں 15 سے زائد مرکزی رائیڈز اور 14 چیلنج زونز شامل ہیں۔ یہاں مہمان صرف جھولے نہیں لیتے بلکہ مسٹر بیسٹ کے مشہور چیلنجز میں خود حصہ بھی لیتے ہیں۔ ٹاور سیج میں مہمان دیوہیکل غلیلوں سے گولے داغتے ہیں جبکہ ڈراپ زون میں آخری کھڑے رہ جانے والے کھلاڑی کو زیادہ پوائنٹس ملتے ہیں۔ پارک کی سب سے بڑی توجہ کا مرکز دنیا کی سب سے بڑی پرائز وال ہے جہاں مہمان مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز سے جڑے انعامات جیت سکتے ہیں۔
مسٹر بیسٹ کے مطابق بیسٹ لینڈ کے لیے ریاض کا انتخاب فطری فیصلہ تھا کیونکہ ان کے زیادہ تر ناظرین امریکہ سے باہر ہیں اور مشرقِ وسطیٰ میں ان کی بڑی فین بیس موجود ہے۔ سعودی عرب کی تیزی سے بڑھتی ہوئی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور بڑے ایونٹس کے لیے معاون ماحول نے بھی اس فیصلے کو مزید مضبوط بنایا۔
پارک میں روزانہ مختلف چیلنجز کے ذریعے نقد انعامات جیتے جا سکتے ہیں۔ پہلے نمبر کے فاتح کے لیے 7 ہزار ریال، دوسرے کے لیے 3 ہزار ریال اور تیسرے نمبر کے لیے 2 ہزار ریال کا انعام رکھا گیا ہے۔ بیسٹ لینڈ 13 نومبر سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا، جہاں مداح مسٹر بیسٹ کی دنیا میں قدم رکھ کر حقیقی چیلنجز کا حصہ بن سکتے ہیں۔







