
خلیج اردو
دبئی، متحدہ عرب امارات:
یو اے ای میں فراڈ کرنے والوں نے نئے طریقے اختیار کر لیے ہیں، جن میں مقامی رہائشیوں کو مخصوص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کہیں 50 فیصد آر ٹی اے جرمانے کی جعلی رعایت، کہیں انتہائی سستے "لگژری” ہوٹل، تو کہیں جذبات سے کھیلتے ہوئے کسی دوست یا سرکاری ادارے کا روپ اختیار کر کے لوگوں کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ حکام کی جانب سے بارہا خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی لنک یا ویب سائٹ پر بھروسہ کرنے سے پہلے اس کے ماخذ کی تصدیق ضروری ہے، کیونکہ یو آر ایل میں ایک حرف کی تبدیلی بھی بڑا فرق ڈال سکتی ہے۔
پانچ ستارہ ہوٹلوں میں ناقابلِ یقین حد تک کم قیمتیں، یا مشہور تفریحی مقامات کے مفت ٹکٹس — ایسے لالچ اکثر بڑے فراڈ کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر کوئی پیشکش "بہت اچھی” لگتی ہے تو اس کے جعلی ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔
*اسکیمرز کن طریقوں سے یو اے ای کے رہائشیوں کو پھنساتے ہیں؟*
سرکاری افسران کا روپ دھار کر:
ٹیکنالوجی کے بڑھتے استعمال کے ساتھ اس کا غلط استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ اسکیمرز اے آئی پر مبنی جعلی دستاویزات، سرکاری لوگوز، اور فیک کالر آئی ڈیز استعمال کرتے ہیں تاکہ خود کو پولیس یا بینک افسر ظاہر کر سکیں۔ متعدد مواقع پر اہم ادارے عوام کو خبردار کر چکے ہیں کہ ایسی کالز اور دستاویزات جعلی ہوتی ہیں۔
جرمانوں میں رعایت کا جھانسہ:
حال ہی میں ایک رہائشی نے دبئی جرمانوں پر 50 فیصد رعایت دینے والی جعلی ویب سائٹس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔ ان ویب سائٹس پر وقت کی حد مقرر کر کے صارفین کو خوف میں ڈال کر جلدی ادائیگی پر مجبور کیا جاتا ہے۔ آر ٹی اے نے وضاحت کی کہ ایسی کوئی رعایت جاری نہیں کی گئی اور یہ فراڈرز کی خطرناک چال ہے۔
سستے لگژری ہوٹل:
پانچ ستارہ ہوٹل انتہائی کم قیمت میں دینے کا لالچ بھی فراڈ کا بڑا ذریعہ ہے۔ اسکیمرز جعلی ہوٹل لسٹنگ بنا کر صارفین سے مالی معلومات لے لیتے ہیں اور ادائیگی کے بعد غائب ہو جاتے ہیں۔ اکثر یہ پراپرٹیز حقیقت میں ہوتی ہی نہیں۔
دوست بن کر پیسے مانگنا:
فراڈرز کبھی کبھی کسی حقیقی شخص کے نام سے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنا کر اس کے قریبی لوگوں سے رابطہ کرتے ہیں۔ پھر کوئی ہمدردی بھری کہانی سناتے ہیں — جیسے علاج کے لیے فوری مدد — اور پیسے یا حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
*کس طرح محفوظ رہیں؟*
اگر کوئی شخص خود کو کسی ادارے کا افسر بتائے تو فوری یقین نہ کریں۔ متعلقہ ادارے کی اصل ہیلپ لائن پر رابطہ کریں یا برانچ جا کر تصدیق کریں۔
اگر کوئی "دوست” آپ سے ہنگامی مدد مانگے تو گھبراہٹ میں فیصلہ نہ کریں۔ براہِ راست رابطہ کر کے پہلے تصدیق کریں۔
کسی بھی آن لائن پیشکش، ڈسکاؤنٹ یا ہوٹل ڈیل کے لیے ہمیشہ آفیشل ویب سائٹ پر چیک کریں۔ مشکوک تھرڈ پارٹی ویب سائٹس سے ٹکٹس یا بُکنگ ہرگز نہ کریں۔
UAE warns residents against new scam tactics involving fake fine discounts and hotel deals







