متحدہ عرب امارات

SBF کا دبئی میں پہلے مڈل ایسٹ انٹرپرائز سینٹر کا افتتاح

خلیج اردو
سنگاپور بزنس فیڈریشن نے دبئی میں اپنا پہلا مڈل ایسٹ سنگاپور انٹرپرائز سینٹر (SEC) کھول دیا، جو عالمی مارکیٹس میں سنگاپور بزنس وینچرز کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ SBF کا دنیا بھر میں کھولا جانے والا پانچواں سینٹر ہے، جس کا مقصد سنگاپور کمپنیوں کو خطے میں بزنس مواقع حاصل کرنے، نیٹ ورکنگ، مارکیٹ مشاورت اور بزنس میچنگ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

تقریب میں سنگاپور کے وزیر محنت اور وزیر برائے انرجی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر ٹین سی لینگ، دبئی چیمبرز کے چیئرمین انجینئر سلطان بن سعید المنصوری، سنگاپور کے امارات میں سفیر کمال آر وسوانی اور SBF کے چیئرمین ایس ایس ٹیئو سمیت دونوں ممالک کے کاروباری اور سرکاری نمائندے شریک ہوئے۔

یو اے ای 569 ارب ڈالر کی معیشت کے ساتھ خطے کی اہم مارکیٹ ہے، جو 2025 میں 4.8 فیصد کی شرح سے بڑھنے کی توقع ہے جبکہ دہائی کے اختتام تک اسے 800 ارب ڈالر سے زائد تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ مضبوط انفراسٹرکچر، شاندار ٹرانسپورٹ روابط اور بزنس فرینڈلی ماحول نے یو اے ای کو سنگاپور کمپنیوں کے لیے مشرقِ وسطیٰ کی بڑی منڈیوں جیسے سعودی عرب، اردن اور قطر تک رسائی کا علاقائی مرکز بنا دیا ہے۔

سعودی عرب میں 2030 ویژن اور 2034 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے تحت شہری ڈھانچے، صحت، تعلیم اور اے آئی سمیت متعدد شعبوں میں سنگاپور کمپنیوں کے لیے مواقع موجود ہیں۔ اردن آئی ٹی انفراسٹرکچر اور ہنرمند افرادی قوت کا مرکز ہے، جبکہ قطر ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔

گزشتہ دو برسوں میں مڈل ایسٹ میں SBF کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور خطے میں کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے کمپنیوں کی درخواستیں پانچ گنا بڑھ گئی ہیں۔ اسی بڑھتی ہوئی طلب کے جواب میں SEC دبئی قائم کیا گیا ہے تاکہ سنگاپور کی کمپنیوں، خاص طور پر SMEs، کو مارکیٹ ایڈوائزری، ورکشاپس، سیمینارز اور بزنس نیٹ ورکنگ کے ذریعے مکمل سپورٹ فراہم کی جا سکے۔

SBF کے سی ای او کوک پنگ سون نے کہا کہ یو اے ای سنگاپور کا اہم تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک جدت، پائیداری اور ٹیکنالوجی میں قریبی تعاون رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ SEC دبئی کا آغاز خطے میں سنگاپور کے کاروباری مفادات کے فروغ اور خلیجی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا نیا باب ہے۔

انٹرپرائز سنگاپور کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر ٹین سون کم نے کہا کہ گلف خطہ تیزی سے ترقی کرتا ہوا معاشی مرکز ہے، جو اربن سلوشنز، توانائی، لاجسٹکس، ٹیکنالوجی اور کنزیومر مصنوعات جیسے شعبوں میں بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ SEC دبئی اس تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button