متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں چھ دن کی تاخیر سے آدھی قیمت میں فلائٹس اور ہوٹل بک کرانے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

خلیج اردو
یو اے ای کے رہائشی محض چند دن اپنی چھٹی مؤخر کرکے فلائٹس اور ہوٹلز پر نصف سے بھی زیادہ رقم بچا رہے ہیں۔ بھارتی نژاد شہری شیکھر کمار، جو ایک ڈیجیٹل مارکیٹر ہیں، ابتدائی طور پر قومی دن کی تعطیلات میں سفر کرنا چاہتے تھے، مگر مختلف ٹریول ایجنٹس سے معلوم ہوا کہ پیکجز چار ہزار درہم سے شروع ہو رہے ہیں جبکہ فلائٹس کی قیمتیں ہی 2700 سے 3000 درہم تک تھیں۔ اس پر انہوں نے سفر روک دیا۔

بعد ازاں انہوں نے طویل ویک اینڈ کے فوراً بعد کی تاریخیں چیک کیں تو قیمتیں تقریباً آدھی ملیں اور انہوں نے فوری طور پر اپنی سفری منصوبہ بندی بدل لی۔ دو ساتھی ملازمین بھی ان کے ساتھ جا رہے ہیں کیونکہ ان کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ وہ ضرورت پڑنے پر ریموٹ ورک بھی کر سکتے ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق قومی دن کی تعطیلات اور اس کے بعد والے ہفتے میں فلائٹس اور ہوٹلوں کی قیمتوں میں 100 فیصد تک کا فرق دیکھا گیا۔ کاکیشس کے مقبول مقامات کے لیے 28 نومبر سے 3 دسمبر تک کی ریٹرن فلائٹ 2700 سے 3000 درہم میں مل رہی ہے، جبکہ 5 سے 10 دسمبر کے درمیان یہی راستے 1300 سے 1500 درہم تک دستیاب ہیں۔

ہوٹل ریٹس بھی اسی رحجان کی پیروی کرتے ہیں۔ قومی دن کے دوران درمیانی درجے کے ہوٹل 480 سے 800 درہم فی رات ہیں، جبکہ چند دن بعد یہی ہوٹل 230 سے 380 درہم میں مل جاتے ہیں۔ یعنی جو رہائشی اپنی چھٹی صرف چند دن مؤخر کر دیں وہ:
• فلائٹس پر 45 سے 55 فیصد
• ہوٹلوں پر 50 فیصد سے زیادہ
• اور مجموعی سفر پر 100 فیصد تک بچت کر سکتے ہیں۔

دبئی کے ایک اور رہائشی راشد محمد نے بھی اسی حکمت عملی پر عمل کیا اور اپنی باکو کی فلائٹ 29 نومبر سے بدل کر 7 دسمبر کر دی، جس کے نتیجے میں انہیں ٹکٹ صرف 1390 درہم میں ملی جبکہ ان کے ایک دوست نے اسی ہفتے 2500 درہم ادا کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ قومی دن کی چھٹیوں میں کام کرتے رہے اور بعد میں آرام سے چھٹی لے لی جس سے ان کے اخراجات آدھے رہ گئے۔

کاکیشس کی مقبول روٹس پر سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق:
• دبئی سے تبلیسی کی فلائٹس 2900 سے کم ہو کر 1500 درہم
• دبئی سے باکو کی فلائٹس 2500 سے 3900 سے کم ہو کر تقریباً 1254 درہم
• یو اے ای سے ایریوان کی ٹکٹ 3200 سے کم ہو کر 1600 درہم
• دبئی سے الماتی کے کرایے میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔

ماہرین کے مطابق یہ رحجان تمام بڑے آن لائن ٹریول پلیٹ فارمز جیسے اسکائی اسکینر، کلیئر ٹرپ اور ویگو پر واضح ہے۔ بہت سے رہائشیوں نے اسے معمول بنا لیا ہے کہ وہ مقبول مقامات کی فلائٹس ہائی سیزن کے فوراً بعد بک کراتے ہیں۔ راشد کا کہنا ہے کہ "ایک ہی جگہ، ایک ہی موسم، ایک ہی مدت — بس تاریخ بدلی اور آدھی قیمت میں سفر ہوگیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button