
خلیج اردو
دبئی ایئر شو 2025 کے آخری روز المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جب بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تیجس دورانِ مظاہرہ گر کر تباہ ہوگیا۔ سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارتی فضائیہ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ حادثے کا شکار ہونے والا جہاز تیجس تھا اور مزید معلومات اکٹھا کی جا رہی ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق ریسکیو ٹیمیں چند لمحوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور صورتحال کو فوری طور پر قابو کر لیا گیا۔
دبئی میڈیا آفس اور بھارتی فضائیہ نے اس افسوسناک حادثے میں پائلٹ کی ہلاکت کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ ابتدائی ویڈیوز میں حادثے کے مقام سے دھوئیں اور آگ کا بڑا شعلہ بلند ہوتے دیکھا گیا، جبکہ مختلف زاویوں سے بنے متعدد کلپس سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ مکمل حقائق سامنے آنے پر مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔







