
خلیج اردو
سعودی نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی (NCM) نے واضح کیا ہے کہ ایتھوپیا کے ہائیلی گوبی آتش فشاں کے دھماکے سے سعودی عرب کے موسم یا فضائی معیار کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ مرکز کے مطابق مسلسل نگرانی سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ آتش فشانی راکھ کا رخ مملکت کی جانب نہیں ہے اور سعودی فضائیں محفوظ ہیں۔
سعودی گزٹ کے مطابق NCM کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ مرکز جدید سسٹمز کے ذریعے بادلوں کی حرکت اور موسمی صورتحال کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ تمام اشاریے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ راکھ کا کوئی بادل سعودی عرب کی طرف نہیں بڑھ رہا۔ موسم سے متعلق ہر نئی اپ ڈیٹ مسلسل جاری کی جا رہی ہے۔
القحطانی نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر موسم میں ایسا تغیر پیدا ہوا جس سے اثر پڑنے کا امکان ہو تو مرکز فوری اقدامات کرے گا اور ضرورت کے مطابق الرٹس بھی جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایتھوپیا کے افار ریجن میں طویل عرصے بعد ہائیلی گوبی آتش فشاں پھٹ پڑا، جس کی راکھ بحیرہ احمر کے پار یمن اور عمان کی طرف گئی۔ قریبی گاؤں افدیرا راکھ سے ڈھک گیا، تاہم مقامی انتظامیہ کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ البتہ مویشی پالنے والوں کو مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کیونکہ جانور خوراک تک رسائی میں مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔
داناکل صحرا کے قریب یہ سیاحتی علاقہ پیر تک راکھ سے ڈھکا رہا اور سیاحوں کے پھنس جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ حکام نے آتش فشاں سے اٹھتی ہوئی بلند راکھ کے بادلوں کی تصاویر اور ویڈیوز جاری کیں جو دھماکے کی شدت کو ظاہر کرتی ہیں۔







