متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں 2026 میں تنخواہوں میں اوسطاً 4 فیصد اضافہ متوقع، بعض شعبوں میں 10 فیصد سے زائد بھی

خلیج اُردو
متحدہ عرب امارات میں اگلے سال اوسطاً تنخواہوں میں چار فیصد اضافہ ہونے کا امکان ہے، تاہم کچھ خاص اور ناقابلِ متبادل ملازمین کو 10 فیصد سے زائد اضافے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ کوپر فچ کے سی ای او اور بانی ڈاکٹر ٹریفور مرفی کے مطابق UAE Salary Guide 2026 میں ظاہر ہوا کہ کمپنیز عام طور پر 1.6 سے 4 فیصد تک تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ گزشتہ سال 2025 میں اوسطاً 2.6 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا تھا۔

کوپر فچ کے سروے کے مطابق 84 فیصد کمپنیز اگلے سال یا تو تنخواہوں میں اضافہ کریں گی یا موجودہ سطح پر برقرار رکھیں گی، جس سے مستقبل کے لیے اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔ 2026 کے لیے تقریباً 48 فیصد ادارے تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں، 37 فیصد انہیں برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور 15 فیصد نئے ملازمین کے لیے کم تنخواہ دینے کی توقع رکھتے ہیں۔ زیادہ تر اضافے 0–5 فیصد کے درمیان متوقع ہیں، جبکہ 6–9 فیصد یا 10 فیصد سے زائد اضافہ خاص شعبوں جیسے ٹیکنالوجی، ٹرانسفارمیشن اور خصوصی مالیاتی خدمات میں نایاب کرداروں کے لیے رکھا گیا ہے۔

عالمی مشاورتی ادارے کورن فیری کے مطابق 2026 میں UAE میں تنخواہوں میں 4.1 فیصد اضافہ متوقع ہے، جو گزشتہ سال کے قریب ہے۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق مضبوط غیر تیل سرگرمیوں اور اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری کے باعث ملک کا اقتصادی منظرنامہ مستحکم ہے، جس کے اثرات تنخواہوں میں اضافے پر مرتب ہوں گے۔ مرکزی بینک کا اندازہ ہے کہ 2026 میں حقیقی جی ڈی پی تقریباً 5.3 فیصد تک بڑھ سکتا ہے، جس کی بنیاد تعمیرات، مالی خدمات، لاجسٹکس اور جدید صنعتیں ہوں گی۔

جنئی ریکروٹمنٹ کی مینیجنگ ڈائریکٹر نککی ولسن نے بتایا کہ عمومی طور پر تنخواہوں میں نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی، سوائے انٹری لیول ملازمین کے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیز زیادہ تر مراعات کو بحال کر رہی ہیں، جیسے فیملی الاؤنس، اسکولنگ الاؤنس اور بہتر میڈیکل کوریج، تاکہ سینئر لیول ٹیلنٹ کو راغب کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں استحکام کا مطلب جمود نہیں، بلکہ کمپنیاں ملازمین کو برقرار رکھنے کے لیے نئے فوائد، لچکدار کام کے ماڈلز اور فلاحی مراعات متعارف کرا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button