
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں نیشنل ڈے کے موقع پر چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم وہ نجی شعبے کے ملازمین جو ان چھٹیوں کے دوران ڈیوٹی پر ہوں گے، انہیں یو اے ای لیبر لا کے تحت واضح حقوق حاصل ہیں۔ قانون کے مطابق سرکاری تعطیل کے دن خدمات انجام دینے والے ملازمین کو یا تو متبادل آرام کا دن دیا جائے گا، یا پھر اس روز کی معمول کی تنخواہ کے ساتھ بنیادی تنخواہ کا کم از کم پچاس فیصد اضافی معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
یو اے ای لیبر لا کے آرٹیکل 28 میں واضح کیا گیا ہے کہ ملازمین کو کابینہ کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری تعطیلات پر مکمل تنخواہ سمیت چھٹی کا حق حاصل ہے، اور اگر کام کی ضرورت کے تحت انہیں چھٹی کے دن ڈیوٹی کرنا پڑے تو آجر کو لازمی طور پر انہیں متبادل چھٹی یا اضافی اجرت فراہم کرنا ہوگی۔ قانون کے تحت ہر نجی ملازم کو ہفتے میں کم از کم ایک دن آرام کا حق بھی حاصل ہے، جبکہ سرکاری تعطیلات اس کے علاوہ شمار ہوتی ہیں۔ یکم اور دو دسمبر کو چھٹیاں ملنے سے نجی شعبے کے کارکن چار روزہ وقفے کی توقع کر رہے ہیں، مگر جو ملازمین ان سرکاری چھٹیوں میں کام کریں گے انہیں قانون کے مطابق معاوضے یا اضافی آرام کے دن کی ضمانت حاصل ہے۔
ایچ آر کنسلٹنٹ غناء النابر نے کہا ہے کہ بہت سے ملازمین اس حق سے ناواقف ہوتے ہیں کہ سرکاری تعطیل کے دن کام کرنے پر لازماً اضافی تنخواہ یا متبادل چھٹی دی جانی چاہیے، اور بعض شعبوں میں ملازمین اسے معمول سمجھ کر پوچھ گچھ نہیں کرتے۔ اگر کسی ملازم کو واجب الادا معاوضہ نہیں ملتا تو وہ اپنے پے سلِپ کی جانچ کرے اور ضرورت پڑنے پر وزارت انسانی وسائل و امارات کاری میں شکایت درج کرا سکتا ہے، جہاں ٹریبونلز عام طور پر آرٹیکل 28 کی سختی سے پابندی کو یقینی بناتے ہیں۔ علاوہ ازیں، یکم جنوری 2025 سے نافذ کابینہ کے فیصلے کے تحت بعض عوامی تعطیلات کو ہفتے کے آغاز یا اختتام پر منتقل کیا جا سکتا ہے، جس کے باعث رواں برس عید الاتحاد کی چھٹیوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔







