
خلیج اردو
یو اے ای میں ایک ماہ پر محیط سرمائی تعطیلات کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں کے سربراہان نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ یہ طویل وقفہ بچوں میں سیکھنے کی رفتار کم کرنے — یعنی لرننگ ریگریشن — کا باعث بن سکتا ہے۔ اس سال تعطیلات 8 دسمبر 2025 سے 4 جنوری 2026 تک جاری رہیں گی، جبکہ بین الاقوامی نصاب کے اسکولوں میں 5 دسمبر آخری ورکنگ ڈے تھا۔
پرنسپلز نے واضح کیا کہ آرام ضروری ہے، مگر مکمل طور پر تعلیمی سرگرمیوں سے دوری بچوں کے لیے واپسی پر مشکلات پیدا کرتی ہے۔ اکثر اساتذہ کے مطابق لمبی تعطیلات کے بعد بچوں کی سیکھنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے اور دوبارہ روٹین میں آنے میں وقت لگتا ہے۔
ووڈلم برٹش اسکول عجمان کی پرنسپل نتالیا کلائیکووا کے مطابق تحقیق بتاتی ہے کہ طویل تعلیمی وقفہ بچوں کی لرننگ موومنٹ میں 20 سے 30 فیصد تک کمی لاسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھٹیوں میں بچوں کو گھر کا کام دینے کے بجائے ہلکی پھلکی سرگرمیوں کی طرف مائل کیا جائے جیسے 15 منٹ کی روزانہ پڑھائی، باورچی خانے میں مدد، مشاہداتی نوٹس لکھنا یا فطرت میں پیٹرنز دیکھنا۔ ان کے مطابق یہ سرگرمیاں بچوں کو ذہنی طور پر فعال رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنوری میں واپسی پر اسکول آہستہ آہستہ بچوں کو پُراعتماد انداز میں دوبارہ سیکھنے کے ماحول میں لاتے ہیں، جس میں ویل بیئنگ چیک، نرم ٹیسٹس اور دلچسپی بڑھانے والے اسباق شامل ہوتے ہیں۔
جیمز فاؤنڈرز اسکول دبئی کے ایگزیکٹو پرنسپل میتھیو برفیلڈ نے بھی اس خدشے کی تائید کرتے ہوئے OECD کی تحقیق کا حوالہ دیا جس کے مطابق طویل تعطیلات ریاضی اور ریڈنگ میں نمایاں کمی لاتی ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اسکول کی جانب سے کوئی سخت فریم ورک نہیں دیا جاتا تاکہ خاندان اپنی مصروفیات کے مطابق لچکدار انداز میں وقت گزار سکیں۔
آکسفورڈ اسکول دبئی کی ہیڈ آف کریکولم شنتھی سبرامانین نے بتایا کہ ریاضی اور خواندگی میں سیکھنے کا نقصان طویل وقفوں کے بعد واضح ہوتا ہے، اس لیے ہلکی پھلکی علمی سرگرمیاں جیسے روزانہ 10 سے 15 منٹ کی مطالعہ، بجٹ میں والدین کی مدد، اجزاء ناپنا یا سفر کا وقت نکالنے جیسی معمولی مشقیں بہت مؤثر ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق تین سے پانچ دن کا ایڈجسٹمنٹ پیریڈ ہر طویل تعطیلات کے بعد معمول کی بات ہے اور اسکول اس لیے نرم آغاز، ریویژن، اور ویل بیئنگ سپورٹ فراہم کرتے ہیں۔
مجموعی طور پر اسکولوں کا کہنا ہے کہ آرام اور ہلکی ذہنی مشق کے درمیان متوازن حکمتِ عملی اپنانا ہی بچوں کے تعلیمی تسلسل اور اعتماد کے لیے بہترین طریقہ ہے۔







