متحدہ عرب امارات

کلاؤڈ فلیئر کی خرابی سے کئی عالمی ویب سائٹس متاثر، ٹرمپ کی ٹروتھ سوشل اور کینوا بھی بند

خلیج اردو
ویب انفراسٹرکچر کمپنی کلاؤڈ فلیئر میں آنے والی خرابی نے جمعے کی دوپہر یو اے ای سمیت دنیا بھر میں متعدد ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کو متاثر کیا، جس کے باعث دفاتر میں کام رک گیا اور مختلف کنٹینٹ مینجمنٹ سسٹمز لوڈ نہ ہو سکے۔ کمپنی نے ساڑھے آٹھ بجے یو ٹی سی پر جاری ایڈوائزری میں بتایا کہ ڈیش بورڈ اور متعلقہ اے پی آئیز میں مسئلہ پیدا ہوا ہے جس کے نتیجے میں صارفین کو ایررز اور ناکام درخواستوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کلاؤڈ فلیئر کی اس خرابی کے باعث امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل سمیت گرافک ڈیزائن پلیٹ فارم کینوا اور کئی دیگر ویب سائٹس عارضی طور پر بند رہیں۔ صارفین کو ان ویب سائٹس پر کلاؤڈ فلیئر سے متعلق ایرر میسجز نظر آئے جو بعد ازاں تقریباً 9 بج کر 30 منٹ جی ایم ٹی پر بحال ہونا شروع ہو گئے۔

کمپنی کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر ڈین کنیٹ نے ایکس پر بتایا کہ نیٹ ورک کی دستیابی میں مسئلے سے متعلق آگاہ ہیں تاہم یہ کوئی سائبر حملہ نہیں تھا۔ دن کے آغاز میں کئی صارفین نے مختلف ویب سائٹس سے کنکشن میں مشکلات کی شکایات بھی کی تھیں۔

گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کا مسئلہ پیش آیا تھا جب کلاؤڈ فلیئر کی خرابی کے باعث ایکس، چیٹ جی پی ٹی اور دیگر بڑی ویب سائٹس تک رسائی متاثر ہوئی تھی۔ کمپنی کے مطابق اس بار خرابی صبح 6 بج کر 30 منٹ مشرقی وقت کے قریب ایک خودکار کنفیگریشن فائل کے باعث پیدا ہوئی جو حفاظتی خطرات کو مینج کرنے کے لیے تیار کی جاتی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button