
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ شہریوں کے لیے مالی کا سفر فوری طور پر ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ فیصلہ سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پابندی پر مکمل طور پر عمل کریں۔
وزارت نے اس وقت مالی میں موجود اماراتی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد یو اے ای واپس آجائیں۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں شہری زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں، الرٹس اور سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور ہر ممکن حد تک چوکس رہیں۔
وزارتِ خارجہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ مالی میں موجود اماراتی فوری طور پر بیرونِ ملک موجود اماراتیوں کے لیے قائم خصوصی ایمرجنسی نمبر پر رابطہ کریں، جو 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن دستیاب ہے، تاکہ انہیں درکار رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔







