
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے ایک نوجوان کو سڑک پر آگ لگانے کے الزام میں گرفتار کر لیا، جس نے اپنے جنم دن کے موقع پر خطرناک انداز میں انتہائی اشتعال انگیز مادہ جلا کر پوری سڑک کو آگ کی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا کی شہرت کے لیے عوامی سڑکوں پر اس طرح کے خطرناک اسٹنٹس کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
جنرل ڈپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سلیم بن سویدان نے کہا کہ عوامی سڑکوں کو خطرناک حرکات کے لیے استعمال کرنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے بلکہ یہ کمیونٹی اور دیگر روڈ یوزرز کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بھی بنتا ہے۔
دبئی پولیس کے مطابق، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نفاذِ قانون کی ٹیموں نے نوجوان کی شناخت کر لی۔ اسے طلب کیا گیا، قانونی کارروائی کی گئی اور اس کی گاڑی ضبط کر لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے اپنے تمام خلاف ورزیوں اور ہونے والے نقصان کا جواب دینا ہوگا۔
بریگیڈیئر بن سویدان کے مطابق عوامی سڑک پر آگ لگانا نہ صرف اپنے اور دوسروں کے لیے خطرناک ہے بلکہ ٹریفک میں خلل، روڈ یوزرز میں الجھن اور سڑک کے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی پولیس ایسے کسی بھی فرد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی جو جھوٹی شہرت یا ڈیجیٹل مقبولیت کے حصول کے لیے عوامی سڑکوں کو غلط طریقے سے استعمال کرے۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں ایسے خطرناک مواد کی نقل کرنے سے روکیں جو سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ لائکس اور ویوز کی دوڑ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا جواز نہیں بن سکتی۔
بریگیڈیئر بن سویدان نے نوجوانوں کو مثبت اور ذمہ دارانہ مواد شیئر کرنے کی ترغیب دی جو یو اے ای کی مہذب اور جدید شناخت کی عکاسی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فیلڈ پیٹرولنگ اور اسمارٹ مانیٹرنگ کو مزید مضبوط کرے گی تاکہ ایسے تمام عناصر کو فوری طور پر پکڑا جائے جو سڑکوں پر لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اس خلاف ورزی پر جرمانہ
دو ہزار درہم، 23 ٹریفک پوائنٹس اور 60 دن کے لیے گاڑی ضبط۔







