متحدہ عرب امارات

عنوان: 2024 کے سیلاب کے بعد موسم کی وارننگز کو سنجیدگی سے لینے لگے یو اے ای کے رہائشی

خلیج اردو
دبئی: اپریل 2024 کے غیر معمولی سیلاب کے بعد متحدہ عرب امارات میں موسم سے متعلق انتباہات کو سنجیدگی سے لینے کا رجحان نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے، جہاں شہری اب گھروں سے نکلنے سے پہلے موسمی پیش گوئی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور ادارے پیشگی اقدامات کر رہے ہیں۔

القدرا کوریڈور کے قریب رہائشی محمد اشرف نے بتایا کہ ہفتے کے روز جب وہ اپنی کمیونٹی سے نکلے تو پانی کی نکاسی کے شٹر کھلے تھے اور اضافی عملہ علاقے میں تعینات تھا، کیونکہ ان کی کمیونٹی اپریل 2024 کے سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی تھی۔ ان کے مطابق اس واقعے کے بعد حکام نے موسم سے متعلق معاملات میں نمایاں بہتری کی ہے، پیش گوئیوں کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور مسئلہ پیدا ہونے سے پہلے ہی اضافی اہلکار تعینات کر دیے جاتے ہیں۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق ملک بھر میں اس ہفتے غیر مستحکم موسم متوقع ہے اور اتوار کو بارش کا امکان سب سے زیادہ ہے، جس پر ادارے نے عوام کو احتیاطی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔ ہفتے کے روز دبئی پولیس نے موبائل صارفین کو عوامی انتباہ جاری کیا جس میں ساحلوں سے دور رہنے کا کہا گیا، جبکہ اتوار کو رأس الخیمہ کے رہائشیوں کو بھی وادیوں، اچانک سیلاب اور نشیبی علاقوں سے گریز کا پیغام دیا گیا۔

فلپائنی نژاد رہائشی مشیل نے، جن کا نام رازداری کے باعث تبدیل کیا گیا ہے، بتایا کہ اپریل 2024 سے قبل وہ دوستوں کے ساتھ بارش کے دوران وادیوں اور آبشاروں کی سیر کیا کرتی تھیں، مگر 16 اپریل کی شدید بارش کے دن کا تجربہ ان کے لیے سبق بن گیا۔ ان کے مطابق دیرا سے دَید کی جانب سفر کے دوران اچانک شدید بارش اور سیلابی کیفیت نے صورتحال کو خطرناک بنا دیا، تاہم وہ خوش قسمتی سے بحفاظت واپس پہنچ گئیں جبکہ کئی دوست مختلف مقامات پر پھنس گئے اور کچھ نے اپنی گاڑیاں بھی کھو دیں۔ اس واقعے کے بعد وہ اور ان کے دوست اب بارش کی پیش گوئی کے دوران وادیوں سے دور رہتے ہیں۔

دوسری جانب دبئی کے رہائشی امان احمد نے بتایا کہ ان کی کمپنی کے سالانہ اجتماع کے لیے اس ہفتے متبادل انتظامات کیے گئے ہیں، کیونکہ شدید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر آؤٹ ڈور تقریب کے ساتھ ساتھ ہوٹل کے اندر میٹنگ روم بھی بک کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اپریل 2024 سے قبل ایسی احتیاط نہیں برتی جاتی تھی، مگر اب سب بدترین صورتحال کے لیے تیار رہتے ہیں۔

موسمیاتی ماہر محمد سجاد، جو سوشل میڈیا پر یو اے ای ویدر مین کے نام سے جانے جاتے ہیں، کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ وسیع پیمانے پر بارش یا غیر مستحکم موسم کی پیش گوئی کرتے ہیں تو لوگ پوچھتے ہیں کہ آیا یہ اپریل 2024 جیسا ہوگا، تاہم ان کے مطابق وہ سیلاب ایک نایاب اور زندگی میں ایک بار پیش آنے والا واقعہ تھا جس کے دوبارہ ہونے کی امید نہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button