خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 16 دسمبر کو موسم جزوی طور پر ابر آلود سے ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض اوقات موسم غیر مستحکم بھی ہو سکتا ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق مشرقی اور شمالی ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش برسانے والے بادل بننے کا امکان ہے، جس کے باعث موسمی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ دنوں میں ملک بھر میں موسم غیر مستحکم رہے گا اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، بعض علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ 16 دسمبر کو ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ ابوظہبی میں زیادہ سے زیادہ 29 اور دبئی میں 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ ابوظہبی میں درجہ حرارت 19 ڈگری، دبئی میں 22 ڈگری جبکہ اندرونی علاقوں میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ نمی کی شرح ابوظہبی میں 25 سے 65 فیصد اور دبئی میں 30 سے 55 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ہوا جنوب مشرقی سے شمال مشرقی سمت میں معتدل سے تیز رفتار چلے گی، جو بعض اوقات شدید بھی ہو سکتی ہے۔ ہواؤں کی رفتار 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ہے جو بعض مقامات پر 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، جس کے باعث گرد و غبار اور ریت اڑنے سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سمندر کی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ خلیج عرب میں سمندر معتدل سے طوفانی جبکہ بحیرہ عمان میں معتدل رہے گا اور بعض اوقات طوفانی ہو سکتا ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر مستحکم موسمی حالات کے دوران جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔







