متحدہ عرب امارات

یو اے ای بینکنگ میں او ٹی پی کا خاتمہ، 2026 کا نیا ڈیجیٹل ادائیگی نظام مرحلہ وار نافذ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے بینک روایتی ون ٹائم پاس ورڈز (او ٹی پیز) کو ختم کرتے ہوئے ایک نئے، تیز اور زیادہ محفوظ ان ایپ ٹرانزیکشن منظوری نظام کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔ یہ تبدیلی فشنگ، سم سویپ فراڈ اور او ٹی پی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باعث کی جا رہی ہے، جن کی وجہ سے ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے تصدیق کو غیر محفوظ سمجھا جانے لگا ہے۔ نئے نظام کے تحت صارفین کو کارڈ ادائیگیوں کی منظوری براہِ راست بینکنگ ایپ کے اندر دینی ہوگی، جہاں پش نوٹیفکیشن، بائیومیٹرک تصدیق یا اسمارٹ پاس پن کے ذریعے ادائیگی کو محفوظ ماحول میں منظور کیا جائے گا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایمریٹس این بی ڈی ان بینکوں میں شامل ہے جنہوں نے ایس ایم ایس او ٹی پی کی جگہ ایپ بیسڈ ویریفکیشن متعارف کرانا شروع کر دی ہے۔ اب صارفین کو کوڈ موصول ہونے کے بجائے بینکنگ ایپ پر نوٹیفکیشن ملتا ہے، جہاں وہ ادائیگی کی منظوری دیتے ہیں۔ ایک عملی ٹرانزیکشن کے دوران یہ دیکھا گیا کہ آن لائن ادائیگی کے بعد اسکرین پر او ٹی پی کا مطالبہ نہیں ہوتا بلکہ صارف کو بینک ایپ کے ذریعے ادائیگی کی تصدیق کرنے کا پیغام ملتا ہے۔

ادائیگی کے لیے کارڈ تفصیلات درج کرنے کے بعد صارف کو بتایا جاتا ہے کہ وہ موبائل ایپ میں لاگ ان ہو کر ٹرانزیکشن کی منظوری دیں۔ اسی وقت بینک کی جانب سے ایک اطلاع بھی موصول ہوتی ہے جس میں بتایا جاتا ہے کہ کارڈ ادائیگی زیر التوا ہے اور اسے ایپ کے ایک مخصوص حصے میں جا کر منظور کرنا ہوگا۔ ایپ میں داخل ہونے پر صارف کو زیر التوا آن لائن ادائیگی کا نوٹیفکیشن نظر آتا ہے، جس پر ٹیپ کرنے سے ایک علیحدہ اسکرین کھلتی ہے جہاں مرچنٹ کا نام، رقم اور منظوری یا مسترد کرنے کے واضح آپشنز دکھائے جاتے ہیں۔ اس اسکرین پر دو منٹ کا ٹائمر بھی ہوتا ہے، جس کے اندر فیصلہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔

اگر صارف ادائیگی کی منظوری دیتا ہے تو ایپ اسمارٹ پاس پن درج کرنے کا کہتی ہے، جس کی تصدیق کے بعد ادائیگی فوری طور پر مکمل ہو جاتی ہے اور کسی بھی او ٹی پی کے تبادلے کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔

بینکوں کے مطابق یہ تبدیلی مرحلہ وار نافذ کی جا رہی ہے۔ 25 جولائی سے یو اے ای کے بینکوں نے کچھ ڈیجیٹل اور کارڈ بیسڈ لین دین کے لیے ایس ایم ایس اور ای میل او ٹی پیز ختم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ عبوری دور میں صارفین کو مختلف بینکوں اور لین دین کی نوعیت کے مطابق مختلف تصدیقی طریقے نظر آ سکتے ہیں، تاہم ریگولیٹرز کی ہدایات کے تحت مارچ 2026 تک ایس ایم ایس اور ای میل او ٹی پیز کو مکمل طور پر ختم کیے جانے کی توقع ہے، تاکہ ڈیجیٹل بینکنگ سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button