
خلیج اردو
یو اے ای میں رات بھر شدید بارش، ژالہ باری اور گرج چمک کے باعث مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر رہے، جب کہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے مزید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے جمعہ کی صبح ساڑھے چار بجے سے ساڑھے دس بجے تک تازہ موسمی الرٹس جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے تقریباً تمام حصوں کے لیے ییلو الرٹ جبکہ متعدد ریاستوں کے بڑے حصوں کے لیے اورنج الرٹ نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جمعرات 18 دسمبر کو شروع ہونے والی شدید بارش اور آندھی کا سلسلہ جمعہ 19 دسمبر تک جاری رہا، مختلف ریاستوں سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے، تیز آندھی، بجلی چمکنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کی ویڈیوز سامنے آئیں، جس کے باعث شہریوں کو سفر کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہنگامی رسپانس گاڑیاں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ ریکوری ٹرکس کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ پانی میں پھنسنے والی گاڑیوں اور شہریوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے، جب کہ خراب موسم کے باعث عوام سے محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔






