
خلیج اردو
دبئی: ٹریڈ سینٹر راؤنڈاباؤٹ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے تحت دو نئے پل ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد سفری وقت 10 منٹ سے کم ہو کر صرف دو منٹ رہ گیا ہے۔ یہ پل 2 دسمبر اسٹریٹ سے شیخ راشد روڈ اور المجلِس اسٹریٹ کی جانب ٹریفک کی روانی کو بہتر بنائیں گے۔
ان پلوں کے کھلنے سے اب گاڑی چلانے والے افراد 2 دسمبر اسٹریٹ سے المجلِس اسٹریٹ، المستقبل اسٹریٹ اور زعبیل پیلس اسٹریٹ تک صرف دو منٹ میں پہنچ سکیں گے، جس سے ٹریڈ سینٹر راؤنڈاباؤٹ پر ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
ہر پل دونوں سمتوں میں دو دو لین پر مشتمل ہے، مجموعی لمبائی تقریباً 2 ہزار میٹر ہے جبکہ دونوں پل مل کر فی گھنٹہ تقریباً 6 ہزار گاڑیوں کی گنجائش رکھتے ہیں۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ان پلوں کو طے شدہ تاریخ سے قبل، جنوری کے وسط سے پہلے ہی ٹریفک کے لیے کھول دیا۔
اکتوبر میں آر ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ ٹریڈ سینٹر راؤنڈاباؤٹ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے پانچ پل تعمیر کیے جائیں گے جن کی مجموعی لمبائی 5 ہزار میٹر ہوگی۔ یہ راؤنڈاباؤٹ دبئی کے اہم ترین جنکشنز میں سے ایک ہے جو شیخ زاید روڈ کو شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ، شیخ راشد روڈ، 2 دسمبر اسٹریٹ، زعبیل پیلس اسٹریٹ اور المجلِس اسٹریٹ سے ملاتا ہے۔
آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل مطر الطائر کے مطابق منصوبے پر کام منظور شدہ شیڈول سے تیز رفتاری سے جاری ہے اور مجموعی تکمیل تقریباً 50 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جس کے تحت مرحلہ وار افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ میں شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ کو ملانے والا پل کھولا جائے گا، جبکہ مزید دو پل اکتوبر 2026 میں شیخ راشد روڈ اور المجلِس اسٹریٹ سے 2 دسمبر اسٹریٹ کی جانب ٹریفک کے لیے دستیاب ہوں گے۔
منصوبے کی تکمیل پر اس چوراہے پر اوسط تاخیر 12 منٹ سے کم ہو کر 90 سیکنڈ رہ جائے گی، جبکہ شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ تک سفر کا وقت چھ منٹ سے کم ہو کر ایک منٹ رہ جائے گا۔
منصوبے کے تحت شیخ زاید روڈ سے شیخ خلیفہ بن زاید اسٹریٹ کی جانب دیرَہ کے لیے ایک ہزار میٹر طویل دوسرا لیول پل بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، جو فی گھنٹہ تقریباً 3 ہزار گاڑیوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھے گا۔
یہ ترقیاتی منصوبہ دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر، زعبیل، السطوہ، الکرامہ، الجافلیہ اور المنخول سمیت بڑے تجارتی اور رہائشی علاقوں کو سہولت فراہم کرے گا، جس سے پانچ لاکھ سے زائد رہائشی اور زائرین مستفید ہوں گے۔
یہ منصوبہ المستقبل اسٹریٹ کی ترقی کے وسیع ماسٹر پلان کا حصہ ہے، جس کے تحت سڑک کو تین لین سے بڑھا کر چار لین کیا جائے گا، ٹنلز اور پل تعمیر کیے جائیں گے اور منصوبہ 2027 تک مکمل ہونا ہے، جس سے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔







