خلیج اردو
نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موسمِ سرما کا باضابطہ آغاز 22 دسمبر سے ہو گیا ہے، تاہم شہریوں نے اس تبدیلی کو اس سے قبل ہی محسوس کر لیا تھا، جب 18 اور 19 دسمبر کو ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال اور اولے بھی پڑے۔ دبئی اور گردونواح میں شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیں اور کام و آمدورفت کے معمولات میں بھی ردوبدل کیا گیا۔
غیر مستحکم موسم کے دوران دبئی حکام نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے اور عوامی سلامتی کو یقینی بنایا۔ دبئی پولیس کے مطابق اس دوران 39 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں۔ اسی طرح ملک بھر میں حکام نے الرٹس جاری کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی، جبکہ ہنگامی ایس ایم ایس پیغامات کے ذریعے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا، خاص طور پر اس وقت جب شدید بارش اور گرج چمک شمالی علاقوں سے دیگر امارات کی جانب بڑھی۔
این سی ایم کے مطابق اس موسمِ سرما میں اب تک سب سے کم درجہ حرارت ہفتہ 20 دسمبر کو جبیل جیس میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں آدھی رات کو پارہ 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جو رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین سطح ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یو اے ای میں سردیوں کے دوران دن کا اوسط زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ رات کا اوسط کم سے کم درجہ حرارت 14 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہتا ہے۔ اسی طرح ہوا میں نمی کی اوسط شرح 55 سے 64 فیصد اور ہواؤں کی رفتار عموماً 11 سے 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان ہوتی ہے۔
موسمِ سرما میں ملک پر بحیرۂ احمر، بحیرۂ روم اور بعض اوقات مشرقی سمت سے آنے والے موسمی نظام اثر انداز ہوتے ہیں، جس کے باعث بادلوں میں اضافہ اور بارش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ نمی زیادہ اور ہوائیں ہلکی ہوں تو صبح کے اوقات میں دھند بھی عام ہو جاتی ہے۔ مختلف جغرافیائی خطوں کے باعث امارات میں سردیوں کا موسم بھی علاقے کے لحاظ سے مختلف رہتا ہے، جہاں صحرائی علاقوں میں راتیں ٹھنڈی اور دن معتدل ہوتے ہیں، جبیل جیس جیسے پہاڑی علاقے زیادہ تر سرد رہتے ہیں، جبکہ ساحلی شہروں میں موسم خوشگوار اور سمندر پرسکون رہتا ہے، جو بیرونی اور آبی سرگرمیوں کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش موسم کو خوشگوار بناتی ہے، تاہم بعض علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں وادیوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہو سکتا ہے، اس لیے ایسے مواقع پر وادیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ مجموعی طور پر سردیوں میں ہوائیں ہلکی سے معتدل، نمی آرام دہ اور صبح کے اوقات میں ہلکی دھند رہتی ہے، جو کیمپنگ، ہائیکنگ اور ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے بہترین حالات فراہم کرتی ہے۔







