متحدہ عرب امارات

ترکیہ میں لیبیا کے فوجی سربراہ کو لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار، چیف آف اسٹاف جاں بحق

خلیج اردو
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے روانہ ہونے والا طیارہ اڑان بھرنے کے بعد تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد علی الحداد سمیت طیارے میں سوار تمام 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق طیارے نے انقرہ سے روانگی کے تقریباً 30 منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع کردیا، جس کے بعد پائلٹ نے دوبارہ انقرہ کی جانب رخ موڑنے کی کوشش کی، تاہم لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ ترک حکام کے مطابق طیارہ شام 8 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوا تھا جبکہ 8 بج کر 52 منٹ پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوا، بعد ازاں حیمانہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع موصول ہوئی لیکن اس کے بعد طیارے سے دوبارہ کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے آرمی چیف کی ہلاکت کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے قومی سطح پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنرل محمد علی الحداد نے آج ہی ترکیہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ترک وزیر دفاع سے ملاقات کی، واپسی کے دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔
حادثے کے بعد ترکیہ نے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button