
خلیج اردو
دبئی میں شیخ محمد بن زاید روڈ (ای 311) پر ایک کار حادثے میں دو افراد زخمی ہوگئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی چلانے والا ڈرائیور اچانک بے ہوش ہوگیا اور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔ دبئی پولیس کے مطابق گاڑی سڑک سے بے قابو ہو کر کنکریٹ بیریئر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار افراد کو درمیانی سے شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے بتایا کہ ٹریفک حادثات کے ماہرین فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، واقعے کی تحقیقات کی گئیں اور شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ ٹریفک پٹرولز نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، علاقے کو محفوظ بنانے اور ایمبولینس و ریسکیو ٹیموں کی آمد میں سہولت فراہم کی۔ پولیس نے خراب گاڑی کو ہٹوا کر ٹریفک کی بحالی کو بھی یقینی بنایا۔
حادثے کے بعد دبئی پولیس نے ڈرائیورز کو خبردار کیا کہ شدید تھکن، غنودگی یا صحت کے مسائل جیسے کم یا زیادہ بلڈ شوگر، ہائی بلڈ پریشر، نفسیاتی عوارض یا اچانک بے ہوشی کی حالت میں گاڑی چلانا نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ بعض ڈرائیور معمولی علامات کو نظرانداز کر دیتے ہیں، حالانکہ یہی علامات چند لمحوں میں جان لیوا حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گاڑی چلاتے وقت بے ہوشی طاری ہونا بڑے حادثات کی خطرناک ترین وجوہات میں شامل ہے کیونکہ چند سیکنڈ میں مکمل کنٹرول ختم ہو جاتا ہے، جو اپنی اور دوسروں کی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر دائمی امراض میں مبتلا اور طویل اوقات تک ڈرائیونگ کرنے والوں کو باقاعدہ طبی معائنوں، لمبے سفر کے دوران مناسب وقفے لینے اور چکر، تھکن یا طبیعت ناساز محسوس ہونے پر فوراً گاڑی روکنے کی ہدایت کی۔






