متحدہ عرب امارات

آتش بازی تھمی، پہلی چیخیں گونج اٹھیں، یو اے ای میں نئے سال 2026 کا استقبال نیم شب پیدا ہونے والے بچوں کے ساتھ

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں جہاں آسمان پر آتش بازی نئے سال 2026 کی آمد کا اعلان کر رہی تھی، وہیں ملک بھر کے اسپتالوں میں ایک خاموش مگر انتہائی جذباتی منظر بھی رقم ہو رہا تھا، جب نیم شب کے لمحوں میں نومولود بچوں کی پہلی چیخوں کے ساتھ نئے سال کا آغاز ہوا۔ یہ ولادتیں کہیں طویل جدوجہد کے بعد امید کی کرن بنیں تو کہیں پہلی بار والدین بننے کی خوشی کا پیغام لے کر آئیں، اور یوں نئے سال کے پہلے دن کو نئی زندگی اور نئی امید سے جوڑ دیا۔

ابوظبی میں برجيل میڈیکل سٹی نے ٹھیک رات بارہ بجے 2026 کے پہلے بچے کا خیرمقدم کیا۔ اماراتی والدین سیف الرومیتی اور ان کی اہلیہ کے ہاں بیٹا سعید سیف الرومیتی پیدا ہوا، جس کا وزن 3.302 کلوگرام تھا۔ یہ نہ صرف اسپتال کے لیے نئے سال کی پہلی ولادت تھی بلکہ والدین کے لیے بھی پہلی اولاد کی خوشی تھی۔ سعید نام باپ نے اپنے والد کے نام پر رکھا، جسے خاندان نے خوشی اور مسرت کی علامت قرار دیا۔ والدہ نے کہا کہ انہوں نے یہ نام اس امید کے ساتھ منتخب کیا کہ بچہ ہمیشہ خوش رہے اور نئے سال میں خاندان کے لیے خوشیاں لائے۔

برجيل اسپتال ابوظبی میں ہی ایک منٹ بعد، رات 12 بج کر ایک منٹ پر ایک اور خوشی کا اضافہ ہوا، جب حمدا ن نامی بچہ پیدا ہوا، جس کا وزن 2.470 کلوگرام تھا۔ بچے کے والد الحسّانی نے اس موقع کو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ایک نئی شروعات کی علامت قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

دبئی میں انٹرنیشنل ماڈرن اسپتال میں رات 12 بج کر 14 منٹ پر اومامہ سفیان کی ولادت ہوئی، جن کا وزن 2.35 کلوگرام تھا۔ یہ ولادت والدین کے لیے غیرمعمولی جذباتی اہمیت رکھتی تھی، کیونکہ اس سے قبل تین بار اسقاط حمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ موجودہ حمل کے دوران بھی پیچیدگیاں تھیں، تاہم نئے سال کے آغاز پر بچے کی محفوظ ولادت نے خاندان کے لیے سکون اور شکرگزاری کے جذبات کو جنم دیا۔ معالجہ ڈاکٹر کے مطابق یہ ایک نہایت قیمتی حمل تھا، جس کا کامیاب انجام نئے سال کی ایک خوبصورت شروعات ثابت ہوا۔

فجیرہ میں تھمبے اسپتال میں رات 2 بج کر 41 منٹ پر نائجیرین نژاد بچی کفایت اویومیدے پیدا ہوئیں، جن کا وزن 3.27 کلوگرام تھا۔ 36 سالہ والدہ کے لیے یہ پہلی اولاد تھی، اور جذبات سے مغلوب ہو کر انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتیں۔

یوں آتش بازی کے شور کے ساتھ ساتھ اسپتالوں میں گونجنے والی ان پہلی چیخوں نے یو اے ای میں سال 2026 کے آغاز کو نئی زندگی، نئی امید اور خاندانوں کے پھیلاؤ کی علامت بنا دیا، جہاں قوم نے ایک اور سال کا استقبال زندگی کے دلکش تحفے کے ساتھ کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button