متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں العین کے شمال میں ہلکی پالا باری، درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچ گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں سرد ہواؤں کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں العین شہر کے شمالی علاقے رکنا میں جمعہ کی صبح ہلکی پالا باری دیکھی گئی۔ امارات فلکیاتی سوسائٹی کے رکن یوسف القاسمی کے مطابق یہ صورتحال متوقع تھی کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے سے موسمی اشاریوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔ حالیہ موسمی نظام کے گزرنے کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلیں جس سے رات کے وقت درجہ حرارت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔

یوسف القاسمی نے بتایا کہ مغربی علاقوں لیوا اور الظفرہ میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے کی پیشگوئی پہلے ہی کی جا چکی تھی، جبکہ اپنے تجربے کی بنیاد پر انہیں اندازہ تھا کہ رکنا میں درجہ حرارت آس پاس کے علاقوں کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے گرے گا، اگرچہ یہ بات سرکاری پیشگوئی میں واضح طور پر سامنے نہیں آئی تھی۔

طلوعِ آفتاب سے قبل القاسمی اور ان کے ساتھیوں نے رکنا کا دورہ کیا جہاں سرکاری موسمی اسٹیشنز نے درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا، تاہم زمینی پیمائش میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پایا گیا۔ دھات کی سطحوں اور زرعی کورنگ پر واضح طور پر پالا جمی ہوئی دیکھی گئی۔

یوسف القاسمی کے مطابق العین میں تقریباً ہر سال پالا پڑتا ہے تاہم اس کی شدت مختلف ہوتی ہے، جبکہ 2021 میں رکنا میں سب سے شدید پالا ریکارڈ کیا گیا تھا جب درجہ حرارت منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رکنا کی ریتلی زمین اور مخصوص ٹیلوں کے درمیان محلِ وقوع اسے زیادہ سردی کے لیے حساس بناتا ہے، خاص طور پر طلوعِ آفتاب سے قبل کے اوقات میں۔

یہ پالا باری اس موسمِ سرما کی پہلی ریکارڈ شدہ پالا باری ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں سرد لہر آنے کی صورت میں العین کے دیگر علاقوں میں بھی ایسی صورتحال دوبارہ پیدا ہو سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button