
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 2026 کے نئے سال کے موقع پر ملک بھر میں محنت کشوں کے اعزاز میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جن میں 30 سے زائد مقامات پر تین لاکھ سے زیادہ ورکرز نے شرکت کی۔ یہ تقریبات “With You and Through You, We Step into the New Year” کے عنوان سے منعقد ہوئیں، جن کا مقصد محنت کش طبقے کی خدمات کو سراہنا اور نئے سال کا آغاز خوشیوں کے ساتھ کرنا تھا۔ تقریبات کے دوران مختلف دلچسپ اور مسابقتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، قیمتی انعامات کی قرعہ اندازی کی گئی جن میں ایک کار، سفری ٹکٹس شامل تھے، جبکہ تفریحی پروگرام، لوک رقص اور تحائف کی تقسیم بھی کی گئی۔
ان تقریبات کا اہتمام وزارتِ افرادی قوت و اماراتائزیشن نے وفاقی اور مقامی اداروں کے اشتراک سے کیا، جن میں وزارتِ داخلہ، فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز و پورٹ سیکیورٹی، ابوظہبی، دبئی اور شارجہ پولیس، مختلف بلدیاتی ادارے، ابوظہبی پورٹس گروپ اور دبئی میں جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز شامل تھے۔ اس کے علاوہ ابوظہبی سول ڈیفنس اتھارٹی، دبئی سول ڈیفنس، دبئی میں لیبر افیئرز کی مستقل کمیٹی، دبئی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی، روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، لیبر اسٹینڈرڈز ڈیولپمنٹ اتھارٹی شارجہ، نیشنل ایمبولینس، دبئی کارپوریشن فار ایمبولینس سروسز، راس الخیمہ اکنامک زون اور الاحسان چیریٹی ایسوسی ایشن نے بھی تعاون کیا۔
وزارت کے پروگرام کے ساتھ ساتھ متعدد نجی کمپنیوں نے بھی اپنے طور پر ورکرز کے لیے تقریبات منعقد کیں، جسے سماجی ذمہ داری اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے عزم کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں میں سوبھا کنسٹرکشنز، گراناڈا یورپ کنسٹرکشن، ملینیئر بلڈنگ کنٹریکٹنگ، ایڈوانسڈ میٹل ورکس، لگژری ہومز رئیل اسٹیٹ، المہوار انجینئرنگ کنسلٹنسی، ڈلسکو گروپ اور انووو بلڈ ایل ایل سی شامل تھیں۔
وزارتِ افرادی قوت و اماراتائزیشن کے مطابق محنت کشوں کے اعزاز میں تقریبات منانے کا یہ پائیدار عمل نہ صرف خوشی اور معیارِ زندگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ نفسیاتی و سماجی استحکام اور معاشرتی وابستگی کو بھی فروغ دیتا ہے، جبکہ محنت کشوں کو ملکی ترقی میں ان کے کردار کا احساس دلا کر مزید حوصلہ افزائی کرتا ہے۔







