
خلیج اردو
یونیورسٹی آف لاہور میں ایک طالبہ کی مبینہ خودکشی کی کوشش کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں فرسٹ ایئر کی طالبہ نے یونیورسٹی کی بلڈنگ کے تیسرے فلور سے چھلانگ لگا دی۔ واقعے کے فوراً بعد شدید زخمی طالبہ کو یونیورسٹی کے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق طالبہ نے جس مقام سے چھلانگ لگائی، اسی جگہ سے چند روز قبل ایک اور طالبعلم نے بلڈنگ سے کود کر خودکشی کر لی تھی، جس کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔
یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ طالبہ کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور گرنے کے باعث اس کا جبڑا، ریڑھ کی ہڈی اور ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ طالبہ کے پھیپھڑوں پر بھی گہرے زخم آئے ہیں، جس کے بعد اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے نے یونیورسٹی انتظامیہ کی غفلت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ طلبہ اور شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔







