متحدہ عرب امارات

ابوظبی میں المناک حادثہ، تین بھائیوں کے بعد چوتھا بچہ بھی اسپتال میں دم توڑ گیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد چار ہو گئی ہے، جہاں تین بھائیوں کے بعد سات سالہ بچہ بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق سات سالہ بچے کو ہفتے کے روز حادثے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم وہ پیر کی شام جانبر نہ ہو سکا۔

ایک سماجی کارکن نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ بچے کی حالت ابتدا ہی سے نازک تھی اور خاندان کو اس کے انتقال کی اطلاع پیر کی شام موصول ہوئی۔ سماجی کارکن کے مطابق تین بھائیوں کی تدفین کے لیے متحدہ عرب امارات میں خصوصی اجازت حاصل کی جا چکی تھی اور کاغذی کارروائی مکمل کی جا رہی تھی کہ اسی دوران خاندان نے چوتھے بچے کے انتقال کی اطلاع دی، جس کے بعد اب کوشش کی جا رہی ہے کہ چاروں بھائیوں کی تدفین ایک ساتھ کی جا سکے۔

یہ افسوسناک حادثہ ہفتے کی علی الصبح اس وقت پیش آیا جب خاندان لیوا کے سفر سے واپس آ رہا تھا۔ سماجی کارکن کے مطابق حادثہ صبح تقریباً چار بجے پیش آیا۔ گاڑی میں والدین، ان کے بچے اور گھریلو ملازمہ سوار تھے۔ حادثے میں 14، 12 اور 5 سالہ تین بھائی اور ان کی گھریلو ملازمہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ والدین اور دو بچے، جن میں 10 سالہ بیٹی اور 7 سالہ بیٹا شامل تھے، اسپتال منتقل کیے گئے تھے۔

متاثرہ خاندان کا تعلق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ سے ہے اور وہ کئی برسوں سے متحدہ عرب امارات میں مقیم تھا۔ جاں بحق بچے دبئی کے عرب یونٹی اسکول کے طالب علم تھے۔ اسکول کے پرنسپل مارک پولٹ نے خلیج ٹائمز کو بیان میں کہا کہ اسکول انتظامیہ اس حادثے پر دل برداشتہ ہے اور اس ناقابلِ بیان غم کے لمحے میں ان کی ہمدردیاں اور دعائیں خاندان کے ساتھ ہیں۔ ان کے مطابق عرب یونٹی اسکول ایک کمیونٹی ہے اور ایسے مواقع پر سب ایک دوسرے کا سہارا بنتے ہیں۔

اسکول انتظامیہ نے والدین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا اور جاں بحق بچوں کی کلاسز میں جا کر طلبہ کو اس افسوسناک واقعے سے مطلع کیا۔ ایک والدین کے مطابق اس موقع پر کئی طلبہ اور اساتذہ آبدیدہ ہو گئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button