
خلیج اردو:
دبئی کے علاقے ارجان میں ہٹ اینڈ رن حادثے میں شدید زخمی ہونے والی 34 ہفتے کی حاملہ بھارتی خاتون کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے ان کے ہونے والے بچے کو بروقت طبی امداد کے ذریعے بچا لیا ہے۔ خاتون کے شوہر کے مطابق حادثہ بدھ کی رات پیش آیا جب ایک گاڑی نے ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار اختیار کر لیا۔
حادثہ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے اس وقت پیش آیا جب خاتون اور ان کے شوہر اپنے گھر کے قریب سنٹرل پارک، ارجان دبئی لینڈ کے پاس چہل قدمی کر رہے تھے۔ جوڑے کے مطابق ایک گاڑی ون وے سڑک پر غلط سمت سے داخل ہوئی، اچانک ریورس لی اور تیزی سے آکر ٹکرا گئی، پھر بھاگ نکلی۔
خاتون کے مطابق انہیں سر، جبڑے، دانتوں، کہنی اور کندھے سمیت جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں آئیں۔ طبی رپورٹس کے مطابق انہیں سر کے دائیں حصے پر چوٹ، کولہے کی شدید انجری، اندرونی اعضا کو نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں جگر اور تلی کا کچھ حصہ نکالنا پڑا، دونوں گھٹنوں پر زخم، بایاں کہنی فریکچر، بائیں کندھے کا اکھڑ جانا اور پیٹ پر زخم آئے جن کی ٹانکے لگانے کی ضرورت پیش آئی۔
خاتون نے کہا کہ وہ اپنے بچے کے ساتھ خود کو انتہائی غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ملزم کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ حادثے کے بعد ان کا پیغام مختلف میڈیا اور پی آر گروپس میں شیئر ہوا جس کے بعد صحافیوں اور کمیونیکیشن پروفیشنلز کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ گاڑی نے ریورس لیتے وقت انہیں سائیڈ سے ٹکر ماری جبکہ اصل ضرب ان کی اہلیہ کو لگی۔ ان کے بقول انہیں لگا کہ اہلیہ اور ہونے والا بچہ دونوں جان سے گئے، کیونکہ وہ کئی میٹر دور جا کر گریں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گاڑی کا نمبر نوٹ نہ کر سکے تاہم گاڑی ایک سیڈان معلوم ہوتی تھی۔
پولیس اور ایمبولینس چند منٹ میں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری طبی امداد فراہم کی۔ خاندان کے مطابق پولیس میں شکایت درج کرا دی گئی ہے اور دبئی پولیس ملزم ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔
ہسپتال نے مزید تفصیلات دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جو معلومات عوامی طور پر جاری ہو چکی ہیں اسی حد تک بیان کیا جا سکتا ہے۔ خاندان کی درخواست پر متاثرہ جوڑے کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
متاثرہ خاتون اور ان کے شوہر نے امید ظاہر کی کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونا سنگین جرم ہے جس کی سزا قید، جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس معطلی تک ہو سکتی ہے۔







