متحدہ عرب امارات

جرمنی کا بھارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری ٹرانزٹ کا اعلان — دوطرفہ تجارت و تعاون کے اہم معاہدوں پر دستخط

خلیج اردو
جرمنی نے بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے ویزا فری ٹرانزٹ سہولت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت بھارت سے سفر کرنے والے شہریوں کو جرمن ہوائی اڈوں سے 24 گھنٹے کے اندر غیر شینگن ممالک کی جانب ٹرانزٹ کے لیے ایئرپورٹ ٹرانزٹ ویزا درکار نہیں ہوگا۔

نئے انتظام کے مطابق یہ صرف ٹرانزٹ کی سہولت ہے اور اس کے تحت جرمنی یا کسی بھی شینگن ملک میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے لیے بدستور موزوں ویزا لازمی ہوگا۔ اس سہولت سے بین الاقوامی سفر کے دوران اضافی کاغذی کارروائی اور فیس سے نجات ملے گی۔

یہ اعلان جرمن چانسلر فریڈرش میرٹس کے بھارت کے سرکاری دورے کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بھارتی مسافروں کے سفر میں آسانی ہوگی بلکہ دونوں ممالک کے عوامی رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

ٹرانزٹ ویزا سے چھوٹ — اہم نکات

  • شینگن ایئرپورٹ ٹرانزٹ ویزا (Type-A) درکار نہیں

  • سہولت صرف 24 گھنٹے کے اندر ٹرانزٹ تک محدود

  • ایئرپورٹ سے باہر نکلنے پر مکمل ویزا لازمی

  • مقصد سفری سہولت میں اضافہ اور پروسیسنگ وقت میں کمی ہے

قبل ازیں جرمنی سے ٹرانزٹ کے لیے مسافروں کو 5 سے 7 روزہ پراسیسنگ مدت اور 60 یورو فیس درکار ہوتی تھی، جبکہ دستاویزات مکمل نہ ہونے پر ایئرلائنز کو آخری وقت میں مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑتا تھا۔

اہم اقتصادی معاہدے

دورے کے دوران قابلِ تجدید توانائی، دفاعی تعاون اور سرمایہ کاری سمیت متعدد شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔ گرین اینڈ سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ پارٹنرشپ کے تحت بھارت کے گرین ہائیڈروجن مشن، الیکٹرک بس پروگرام، سولر روف ٹاپ اسکیم اور کئی میٹرو منصوبوں کی معاونت پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں ممالک نے ڈیفنس انڈسٹریل کوآپریشن روڈ میپ تیار کرنے پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جس کے تحت دفاعی سازوسامان کی کو-ڈیویلپمنٹ اور کو-پروڈکشن کو فروغ دیا جائے گا۔

اعلامیے میں غیر قانونی نقل مکانی، انسانی اسمگلنگ اور دستاویزی فراڈ کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا، جبکہ طلبہ، محققین، پروفیشنلز اور سیاحتی روابط کو اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم ستون قرار دیا گیا۔

2024 میں دوطرفہ تجارت ریکارڈ 50 ارب امریکی ڈالر تک پہنچی، جو بھارت کی یورپی یونین کے ساتھ تجارت کا ایک بڑا حصہ قرار دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button